Uncategorized

ناصر شیرازی کے اغواء کا معاملہ سینیٹ اور قومی اسمبلی میں اٹھائیں گے، چوہدری شجاعت حسین

شیعہ نیوز(پاکستانی خبر رساں ادارہ)مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے وفد کے ہمراہ پاکستان مسلم لیگ (ق) کے سربراہ چوہدری شجاعت حسین سے لاہور میں ملاقات کی۔ علامہ راجہ ناصر عباس اور چوہدری شجاعت حسین کے درمیان اہم ملکی سیاسی صورت حال سمیت ایم ڈبلیو ایم کے مرکزی ڈپٹی سیکرٹری جنرل ناصر شیرازی ایڈووکیٹ کے اغواء کے حوالے سے بھی تفصیلی بات چیف ہوئی۔ چوہدری شجاعت حسین نے ناصر شیرازی کی جبری گمشدگی کے خلاف شدید ردعمل کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ناصر شیرازی کے اغوا کی ذمہ دار پنجاب حکومت ہے، قاف لیگ اس ظالمانہ اور غیر آئینی اقدام کے خلاف مجلس وحدت مسلمین کے ساتھ کھڑی ہے، اس ایشو کو سینیٹ اور قومی اسمبلی میں بھرپور انداز سے اٹھایا جائے گا۔ علامہ ناصر عباس جعفری نے کہا پنجاب حکومت سیاسی مخالفین کو ریاستی اداروں کے ذریعے انتقام کا نشانہ بنا رہی ہے، آئین و قانون کی اس تضحیک اور اختیارات کے ناجائز استعمال پر پارلیمانی جماعتوں کو پنجاب حکومت کے خلاف اپنا بھرپور کردار ادا کرنا چاہیے، تاکہ آئین کی بالادستی کو یقینی بنایا جا سکے۔
انہوں نے کہا ظلم و بربریت کا کوئی بھی حربہ ہم پر کارگر ثابت نہیں ہوگا، ملت تشیع کو دیوار سے لگانے کی حکومتی کوشش ارباب اختیار کو مہنگی پڑے گی، جس کی لاٹھی اس کی بھینس کا قانون نہیں چلنے دیں گے، مسلم لیگ نون سوچنے سمجھنے کی صلاحیتوں سے عاری جماعت ہے، جو عدلیہ کے منصفانہ فیصلوں کو دوہرا معیار قرار دے کر اپنے اندر کا غبار کم کرنے کی ناکام کوشش میں مصروف ہے، ریاستی اداروں کے کردار پر تنقید کرکے عوام میں شکوک و شبہات پیدا کئے جا رہے ہیں، جس کا مقصد ملک کو مزید عدم استحکام سے دوچار کرنا ہے۔ انہوں نے کہا ناصر شیرازی کا اغوا پنجاب حکومت کی منظم منصوبہ بندی کا حصہ ہے، ان کی بازیابی میں تاخیری حربے پنجاب حکومت کے لئے مشکلات پیدا کریں گے۔ علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے سید ناصر شیرازی کی بازیابی کے لئے تعاون کی بھرپور یقین دہانی پر چوہدری شجاعت حسین کا شکریہ ادا کیا۔ اس موقع پر مرکزی رہنما علامہ احمد اقبال رضوی، علامہ مبارک موسوی، مظاہر شگری اور آصف رضا ایڈووکیٹ بھی موجود تھے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button