علامہ ساجد نقوی کے حکم پر 12 تا 17 ربیع الاول ہفتہ وحدت کے عنوان سے منائیں گے، علامہ ناظر عباس تقوی
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) شیعہ علماء کونسل صوبہ سندھ کے صدر علامہ سید ناظر عباس تقوی کی زیر صدارت صوبائی دفتر میں اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں جشن عید میلادالنبیﷺ کے حوالے سے سندھ بھر میں علامہ ساجد نقوی کے حکم پر 12 تا 17 ربیع الاول ہفتہ وحدت کے طور پر منانے کا فیصلہ کیا گیا، اس کے ساتھ ساتھ مختلف پروگرامات، محفل، سیمینارز منعقد کئے جائیں گے اور پیغمبر اکرم ﷺ کی سیرت پر روشنی ڈالی جائے گی اور ملک بھر میں اتحاد وحدت پر زور دیا جائے گا۔
اس موقع پر اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے علامہ ناظر عباس تقوی کا کہنا تھا کہ حکمرانوں کے لئے پیغمبر اکرم کی قائم کردہ حکومت مشعل راہ ہے، جس میں عدل و انصاف کا تصور دیا گیا ہے اور طبقاتی نظام کی مخالفت کی گئی ہے، ہمارے حکمرانوں کو بھی سادہ زندگی گزار کر معاشرے میں طبقاتی نظام کا خاتمہ کرکے عدل و انصاف کو یقینی بنانا چاہیئے، تاکہ لوگوں کے حقوق کا تحفظ کیا جا سکے۔
ان کا کہنا تھا کہ محرم الحرام کی طرح ماہ ربیع الاول بھی مسلمان عقیدت و احترام سے منائیں گے، 12ربیع الاول کو سندھ بھر میں شیعہ علماء کونسل کی جانب سے استقبالیہ کیمپ لگائے جائیں گے اور جلوسوں کا انعقاد بھی کیا جائے گا۔ علامہ ناظر عباس تقوی نے حکومت سندھ سے مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ میلاد کے راستوں میں صفائی، روشنی اور فول پروف سکیورٹی کے اقدام کو یقینی بنایا جائے، تاکہ مسلمان اپنے پیارے پیغمبر کی ولادت کو بے خوف ہوکر منائیں۔