ملتان، انسٹیوٹ آف انجیئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی میں ''یوم حسین ''کی تقریب، اساتذہ اور طلباء کی بڑی تعداد شریک
شیعہ نیوز(پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ)امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن ملتان ڈویژن (این ایف سی یونٹ)کے زیراہتمام سالانہ ”یوم حسین ”علیہ السلام کا انعقاد ایگزامینیشن ہال میں کیا گیا، یوم حسین کی تقریب میں اساتذہ، طلباء اور طالبات کی بڑی تعداد نے شرکت کی، ”یوم حسین ”علیہ السلام کی تقریب کے مہمان خصوصی حجتہ الاسلام والمسلمین علامہ سید محمد جعفر خوارزمی تھے، تقریب میں نشتر میڈیکل کالج کے پروفیسر ڈاکٹر صدیق خان قادری اور دیگر نے شرکت کی، علامہ سید محمد جعفر خوارزمی نے اپنے خطاب میں فکر کربلا کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کربلا ایک زندہ اور بے مثال درسگاہ ہے، زندگی کے ہر شعبہ سے تعلق رکھنے والے افراد اس سے سبق حاصل کر سکتے ہیں، کربلا ہر دور میں یزیدیت کا مقابلہ اور حسینیت کے فروغ کے لیے برسرپیکار ہے، اُنہوں نے مزید کہا کہ آج تعلیمی اداروں میں کربلا کے درس کے فروغ کی ضرورت ہے، قابل ستائش ہیں وہ جوان جو اس پُرآشوب دور میں ”یوم حسین ”علیہ السلام جیسی تقریبات کو منعقد کرانے میں اپنا کردار ادا کرتے ہیں، امام حسین علیہ السلام اور کربلا کی ہر دور اور ہر فرد کو ضرورت ہے، تقریب سے طلباء اور طالبات کی بڑی تعداد نے خطاب کیا اور اپنے انداز میں امام عالی مقام کی سیرت کو بیان کیا۔