دامن مصطفیٰ ؐکو تھامنے میں ہی اُمت کی نجات ہے :سید حامد موسوی
شیعہ نیوز(پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ)تحریک نفاذ جعفریہ کے سربراہ آغا سید حامد علی شاہ موسوی نے عید میلادالنبیﷺ کی مناسبت سے ہفتہ وحدت واخوت کے آغاز پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ میلاد مصطفیٰ تقاضا کررہا ہے کہ مسلمانان عالم شیطانی قوتوں کے مقابلے میں متحد اور یکجاہو جائیں ، اتحاد کا مرکز فقط ذات مصطفیٰ ہے ، مسلم حکمراں اقتدار کو بچانے کیلئے استعمار کی دست نگر ی کرنے کے بجائے دین مصطفیٰ ؐکی سر بلندی کیلئے کام کریں ۔ دامن مصطفیٰ ؐکو تھامنے میں اُمت مسلمہ کی نجات کا راز پوشیدہ ہے ، عقیدہ ختم نبوت دین و شریعت کا جزولاینفک ہے ناموس رسالتؐ اور ختم نبوتؐ کے تحفظ کیلئے اُمت مسلمہ کو راہ حسینؑ اختیار کرنا ہوگی جنہوں نے مشن مصطفوی کی بقاکے لئے اپنا سر کٹادیا لیکن مکہ ومدینہ کو جنگ و جدل کا مرکز نہیں بننے دیا، نبی کریمؐ کی آمد پر فرشتوں اور بہشت نے بھی خوشیاں منائیں ۔ محمد مصطفےٰ ؐ ہر مظلوم اور محروم کےدل کی پکار اور صدابن کر دنیا میں تشر یف لائے ۔ میلادالنبیؐ کے موقع ہفتہ وحدت واخوت مناکر شیعہ سنی تفریق کے استعماری پروپیگنڈے کو عملاناکام بنائیں گے ۔