بیت المقدس مسلمانوں کا ہے، کوئی بھی سازش کامیاب نہیں ہونے دی جائے گی
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان کے مرکزی صدر برادر انصر مہدی نے امریکی صدر کی جانب سے بیت المقدس کو صیہونی حکومت کا دارالحکومت بنانے کے اعلان کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ عالم کفر کی اس سازش کا ادراک کرتے ہوئے عالم اسلام کو متحد ہونا ہوگا بیت المقدس کو اسرائیل کا درالحکومت بنانا دنیا بھر کے مسلمانوں کے جذبات کی توہین کے مترادف ہے۔ مرکزی صدر نے بیت المقدس کے خلاف سازشوں کو مسلم امہ کے خلاف سازش قرار دیتے ہوئے کہا کہ امریکہ و اسرائیل کا گٹھ جوڑ عالم اسلام کیلئے سرطان بن چکا ہے اس فرعونی سازش کے خلاف بھرپور احتجاج کرتے ہوئے دنیا بھر کے مسلمانوں سے اپیل کرتے ہیں مظلوم فلسطینوں کی حمایت اور صییونی حکومت کے مظالم کے خلاف متحد ہوجائیں ۔بیت المقدس مسلمانوں اور فلسطینیوں کا ہے اس کے خلاف کوئی بھی سازش کامیاب نہ ہونے دی جائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ خطے میں امریکی و صیہونی عزائم کی ناکامیوں کے بعد عالمی سامراج نئی سازشوں کے تانے بانے بن رہا ہے مسلمان فقط باہمی اتحاد سے اسلام اور مسلمانوں کے خلاف دشمن کی سازشوں کو ناکام بناسکتے ہیں۔انہوں نے کہا رسول خدا حضرت محمد( ص )کے یوم ولادت پرہمیں اس عزم کا اظہار کرنا ہوگا کہ ان کی اطاعت اور پیروی کے نتیجے میں سامراجی ، استکباری اور استبدادی طاقتوں سے نجات پانی ہوگی۔ اس میں شک نہیں کہ ارض فلسطین صیہونیوں سے آخر کار آزاد ہوکے رہے گا۔