Uncategorized

دہشتگردی کیخلاف جنگ میں سب سے زیادہ قربانی پاکستان نے دی ہے، انصر مہدی

شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک بار پھر اپنی اسلام دشمنی کا مظاہرہ کرکے پاکستانی قوم اور ملک کی توہین کی ہے، جسے پاکستان میں بسنے والے پاکستانی ہرگز قبول نہیں کریں گے۔ ان خیالات کا اظہار آئی ایس او پاکستان کے مرکزی صدر انصر مہدی نے المصطفیٰ ہاوس لاہور سے جاری اپنے مذمتی بیان میں کیا۔

ان کا کہنا تھا کہ امریکہ کی طرف سے دہشتگردی کیخلاف جنگ کیلئے پاکستان کو چند ارب ڈالر دینے کی باتیں پاکستانی قوم کی توہین ہے۔ انہوں نے کہا کہ محض 33 ارب ڈالر دے کر امریکہ پاکستان کو خرید نہیں سکتا، دہشتگردی کیخلاف جنگ میں سب سے زیادہ قربانی پاکستان نے دی ہے۔ انصر مہدی نے کہا کہ پاکستانی قوم نے پیسوں کیلئے نہیں ملکی دفاع کیلئے 80 ہزار سے زائد جانوں کی قربانیاں دی ہیں۔ انہوں نے سیاسی جماعتوں کے لیڈران اور حکومت وقت کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ وہ امریکی صدر کو واضح پیغام دیں کہ پاکستان امریکی کالونی نہیں، اور کسی قسم کی امریکی ڈکٹیشن کو قبول نہیں کی جائے گی۔

مرکزی صدر نے کہا کہ پوری قوم شیطان بزرگ امریکہ اور اس کے حواریوں کیخلاف متحد ہے اور استعمار دشمنی کو ہرگز ترک نہیں کرے گی۔ آئی ایس او کے مرکزی صدر کا مزید کہنا تھاکہ پاکستان ایک آزاد اور خودمختار ایٹمی ملک ہے، دھمکیوں اور توہین آمیز رویہ کو ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا امریکہ کی پاکستان کو دھمکیاں خطہ میں اپنی دہشتگردی کو چھپانے کی ناکام کوشش ہے، دوستی کے لبادے میں چھپا ہوا عالم اسلام کا سب سے بڑا دشمن امریکہ ہے، اس سے جس قدر جلد ممکن ہو چھٹکارا حاصل کر لینا چاہیے، عراق اور شام کے بعد امریکہ پاکستان میں ایسے حالات پیدا کرنا چاہتا ہے جن سے پاکستان میں داعش کی موجودگی کے تاثر کو تقویت ملے، تاہم پاکستان ایک آزاد ریاست ہے جو اپنا داخلی اور خارجی دفاع کرنا جانتی ہے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button