شاہزیب قتل کیس ، سول سوسائٹی کی درخواست کی سماعت کیلئے 3 رکنی لارجر بینچ تشکیل
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس میاں ثاقب نثار نے شاہزیب قتل کیس میں سول سوسائٹی کی درخواست کی سماعت کیلئے تین رکنی لارجر بینچ تشکیل دے دیا۔
تفصیلات کے مطابق شاہزیب قتل کیس کے تمام ملزمان کی رہائی کے بعد سول سوسائٹی کی جانب سے چیف جسٹس کے پاس ایک پٹیشن دائر کی گئی تھی جس میں کہا گیا تھا کہ کیس میں سندھ ہائیکورٹ نے مقدمے سے اے ٹی سی کی دفعات نکالیں جس سے ملزموں کو فائدہ ہوا، شاہ رخ جتوئی جیسے ملزموں کو چھوڑا گیا تو معاشرے پر سنگین نتائج مرتب ہوں گے اس لیے چیف جسٹس آف پاکستان معاملے کا نوٹس لے کر کیس کی دوبارہ سماعت کریں۔
سول سوسائٹی کی درخواست کا نوٹس لیتے ہوئے چیف جسٹس نے کیس کی سماعت کیلئے تین رکنی لارجر بینچ تشکیل دے دیا ہے۔ لارجر بینچ کی سربراہی چیف جسٹس میاں ثاقب نثار کریں گے جبکہ جسٹس فیصل عرب اور جسٹس سجاد علی شاہ بینچ میں شامل ہوں گے، بینچ کل (ہفتہ کو) مقدمے کی کراچی رجسٹری میں سماعت شروع کرے گا۔