ایم ڈبلیو ایم پاکستان کے رہنما ناصر شیرازی کی میاں منظور وٹو سے ملاقات، باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال
شیعہ نیوز(پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ ) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی ڈپٹی سیکرٹری جنرل اور ممتاز قانون دان سید ناصر عباس شیرازی کی پاکستان پیپلز پارٹی کے سینیئر رہنما اور سابق وزیراعلیٰ پنجاب میاں منظور احمد وٹو سے لاہور میں ملاقات کی۔ اس موقع پر ایم ڈبلیو ایم پاکستان کے مرکزی سیکرٹری سیاسیات سید اسد عباس نقوی، سید حسن کاظمی، آصف رضا ایڈووکیٹ و دیگر رہنما بھی موجود تھے۔ ملاقات میں متحدہ اپوزیشن کی جانب سے حکومت مخالف تحریک اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے ناصر عباس شیرازی کا کہنا تھا کہ سیاسی قوتوں کو متحد ہو کر غیر جمہوری قوتوں کا مقابلہ کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ کل لاہور میں ہونیوالا احتجاج تاریخی تھا۔ انہوں نے کہا کہ سانحہ ماڈل ٹاؤن کے شہداء کے لواحقین کو انصاف کی فراہمی تک ہم ڈاکٹر طاہرالقادری کے شانہ بشانہ ہیں۔ پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما میاں منظور احمد وٹو نے کہا کہ قاتل حکمرانوں کو مزید اقتدار میں نہیں رہنے دیں گے، آمریت کی پیداوار حکمران جمہوریت کیلئے خطرہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب کے نام نہاد خادم اعلیٰ نے کہا تھا کہ ان کا نام آ گیا تو وہ بلا تاخیر اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیں گے لیکن ایسا نہیں ہوا، جھوٹ بولنے پر یہ صادق اور امین نہیں رہے، بڑے بھائی کو بھی اقامہ کی بنیاد پر نکالا گیا جبکہ چھوٹا بھی جھوٹ کی سیاست کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ شہداء ماڈل ٹاؤن اور قصور کے متاثرین کیساتھ ہیں اور انصاف کے حصول کی اس جدوجہد میں ہمیشہ ساتھ رہیں گے۔