پاکستان کیخلاف امریکی و صیہونی سازشوں کو کامیاب نہیں ہونے دیں گے، فلسطین فاؤنڈیشن
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ)فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان کی مرکزی سرپرست کمیٹی کے اراکین سابق رکن قومی اسمبلی و رہنماء جماعت اسلامی مظفر ہاشمی، ایم کیو ایم پاکستان کے رکن سندھ اسمبلی محفوظ یار خان ایڈوکیٹ، رہنما نواز لیگ پیرزادہ ازہر علی ہمدانی، رہنما تحریک انصاف اسرار عباسی، مجلس وحدت مسلمین کے مرکزی رہنماء مولانا سید باقر عباس زیدی، جمعیت علماء پاکستان کے رہنماء علامہ قاضی احمد نورانی اور فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان کے سیکرٹری جنرل صابر ابو مریم نے کہا ہے کہ امریکا کی پاکستان مخالف سازشوں کو ناکام بنا دیں گے، حالیہ دنوں جعلی ریاست اسرائیل کے وزیراعظم نیتن یاہو کی بھارت آمد دراصل امریکی آشیرباد اور پاکستان کے خلاف جاری سازشوں کے سلسلے کی ہی ایک کڑی ہے۔ پی ایل ایف کے رہنماؤں نے کہا کہ قبلہ اول بیت المقدس مسلمانوں کا ہے اور القدس فلسطین کا ابدی دارالحکومت ہے، جبکہ کشمیر پاکستان کی شہہ رگ حیات ہے، ہم فلسطین و کشمیر کے مسائل کے حل کیلئے جدوجہد جاری رکھیں گے۔ رہنماؤں نے کہا کہ دنیا میں پائیدار امن کے قیام کی راہ میں سب سے بڑی رکاوٹ خود امریکا، اس کی ناجائز اولاد اسرائیل سمیت خطے میں امریکی بدمعاش بھارت ہے۔