پشاور، سماج دشمن عناصرکیخلاف سرچ آپریشن میں 65 افراد گرفتار، اسلحہ برآمد
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) کیپٹل سٹی پولیس پشاور نے منشیات فروشوں ،سمگلروں اور سماج دشمن عناصرکیخلا ف سرچ آپریشن میں 65 جرائم پیشہ، مشتبہ افراد کو گرفتار کرکے ان کے قبضے سے بھاری تعداد میں اسلحہ برآمد کرلیا جبکہ تحفظ مکانات آرڈیننس خلاف ورزی کرنے پر 34 افراد کو حراست میں لے لیا گیا ہے۔ ایس ایس آپریشن پشاور جاوید اقبال کی نگرانی میں منشیات فروشوں، سمگلروں اور سماج دشمن عناصر کیخلاف مختلف مقامات پر چھاپوں اور پشاور کے داخلی و خارجی راستوں پر فل پروف ناکہ بندیاوں کے دوران تھانہ آغامیر جانی شاہ کی حدود لعلی باغ سے ملزم نوید گل عرف گڈو ولد حجاب گل سکنہ لعلی باغ کو گرفتار کرکے اس کے قبضے سے 3 کلو گرام چرس برآمد کرلیا۔ تھانہ بھانہ ماڑی کی حدود میں اوور ہیڈ پل ناکہ بندی پر ملزم ناصر اللہ ولد جونا گل کو گرفتار کرکے اس کے قبضے سے 1100 گرام چرس برآمد کرلیا۔ تھانہ کوتوالی پولیس نے نواب علی ولد عنایت اللہ سکنہ شاد باغ کالونی کو گرفتار کرکے اس کے قبضے سے 8 کلو گرام چرس برآمد کرلیا۔ ریگی ماڈل ٹاون پولیس نے کیکرانوں سٹاپ پر ناکہ بندی کے دوران رکشہ نمبر جی 3235 کے خفیہ خانوں سے 1100 گرام چرس برآمد کے ملزم جان محمد ولد ولی محمد سکنہ افغانستا ن حال تہکال کو گرفتار کرلیا۔ اسی طرح ملزم فیاض ولد طلا محمد سکنہ شبیر آباد کو گرفتار کرکے اس کے قبضے سے 1100 گرام چرس برآمد کرلیا۔ پولیس کے مطابق دیگر کاروائیوں میں مجموعی طور پر 38 جرائم پیشہ اور 22 مشتبہ افراد کو گرفتار کرکے ان کے قبضے سے 4 کلاشنکوف، 6 رائفل، 7 عدد پستول 30 بور، 20 کلو گرام چرس اور 6 بوتل شراب برآمد کرلئے جبکہ تحفظ مکانات آرڈیننس کے تحت 34 افراد کو گرفتار کرکے ان کیخلاف مختلف مقدمات درج کردئے گئے ہیں۔