وزیراعلٰی بلوچستان نے جعلی ڈومیسائل پر بھرتیوں کا نوٹس لے لیا
شیعہ نیوز(پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ)وزیراعلٰی بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو نے بلوچستان کے مختلف علاقوں سے بڑے پیمانے پر جعلی ڈومیسائل پر بلوچستان کے کوٹے پر بھرتیوں کا نوٹس لیتے ہوئے 20 دن میں محکمہ قانون اور ایس اینڈ جی اے ڈی کو ضروری قانون سازی کیلئے سفارشات مرتب کرنے کی ہدایت کی ہے۔ تفصیلات کے مطابق کوئٹہ سے بلوچستان کے دوسرے اضلاع سے ہزاروں کی تعداد میں جعلی ڈومیسائل پر وفاقی محکموں اور کارپوریشنوں میں بلوچستان کے 6 فیصد کوٹے پر پنجاب اور سندھ کے لوگوں کو بھرتی کیا گیا ہے۔ اس ضمن میں سینیٹ میں پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کے سینیٹر عثمان خان کاکڑ اور نیشنل پارٹی کے سینیٹر میر محمد کبیر محمد شہی کے آواز اٹھانے کے بعد بلوچستان اسمبلی میں مسلم لیگ (ن)، جمعیت علماء اسلام اور نیشنل پارٹی کے اراکین اسمبلی کی جانب سے اسمبلی میں تحریک التواء جمع کرائی۔ جس پر سابق وزیراعلٰی بلوچستان نواب ثناء اللہ خان زہری کی یقین دہانی اور اسپیکر کی جانب سے اس مسئلے کو حل کرنے کیلئے رولنگ دی تھی۔ اب وزیراعلٰی بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو نے بلوچستان کے مختلف علاقوں میں جعلی ڈومیسائل کے اجراء کا نوٹس لیتے ہوئے محکمہ قانون اور محکمہ ایس اینڈ جی اے ڈی کو ہدایت جاری کی کہ 20 دن کے اندر سفارشات مرتب کرکے حکومت کو رپورٹ پیش کریں۔ وزیراعلٰی بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو نے کہا کہ جعلی ڈومیسائل اور لوکل کے اجراء پر کوئی رعایت نہیں کریں گے۔ اس عمل میں ملوث افسران کے خلاف بھی کارروائی کریں گے۔