دالبندین:سعودی عرب کے کورنر 25 روز تک عدالتی حکم کی دھجیاں اڑا کر وطن سے فرار
شیعہ نیوز(پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) بلوچستان کے علاقے دالبندین اور گرد ونواح کے صحرائی ریگستانوں میں 25 روز تک تلور کا شکار کھیلنے والے سعودی شاہی مہمان و سعودی عرب کے صوبہ تبوک کے گورنر پرنس فہد بن سلطان اپنے خصوصی طیارے کے ذریعے دالبندین ایئر پورٹ سے سعودی عرب روانہ ہوگئے۔ علی الصبح ایئر پورٹ پر صوبائی مشیر برائے پی ایچ ای اینڈ واسا سخی امان اللہ نوتیزئی، ڈسٹرکٹ چیئرمین چاغی میر داؤد خان نوتیزئی، نمائندگان خاص پرنس حاجی محمد جان کشانی، میر ثناء اللہ نوتیزئی، حاجی عبدالطیف نوتیزئی، حاجی شاہجہان کشانی، اسسٹنٹ کمشنر حبیب اللہ موسٰی خیل، ڈی پی او آصف خان غلزئی ایف سی، لیویز اور پاک آرمی کے حکام نے سعودی شاہی مہمان کو الوداع کیا۔ جبکہ ان کے قافلے میں شامل خصوصی گاڑیاں اور کارکنان بذریعہ روڈ کراچی روانہ ہو گئے۔ گورنر تبوک پرنس فہد بن سلطان بن عبدالعزیز السعود تلور کا شکار کھیلنے 8 جنوری کو دالبندین پہنچے تھے۔ گورنر تبوک کے استقبال کے لئے وفاقی وزیر دفاع خرم دستگیر خود دالبندین تشریف لائے تھے۔ گورنر تبوک کو دالبندین ائرپورٹ پہنچے تو انہیں پولیس کے ایک چاک و چوبند دستے نے سلامی دی۔ یاد رہے ایک سال قبل لاہور ہائیکورٹ کی جانب سے تلور کے شکار پر پابندی عائد کی گئی تھی۔ تاہم 31 جنوری کو چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ جسٹس منصور علی شاہ نے تلور کے شکار پر پابندی کے عبوری فیصلے کو واپس لے لیا۔