ملتان، انقلاب اسلامی ایران کی 39 ویں سالگرہ کے موقع پر خانہ فرہنگ میں تقریب، شہاب الدین دارائی بھی شریک
شیعہ نیوز(پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) انقلاب اسلامی ایران کی 39 ویں سالگرہ کے موقع پر ملک کے دیگر شہروں کی طرح ملتان میں بھی خانہ فرہنگ اسلامی جمہوری ایران کے زیراہتمام تقریب کا اہتمام کیا گیا، تقریب کے میزبان اسلام آباد سے تشریف لائے ہوئے ثقافتی قونصلر اسلامی جمہوریہ ایران (اسلام آباد) آقای شہاب الدین دارائی تھے۔ تقریب کے مہمان خصوصی سابق اسپیکر قومی اسمبلی اور سابق وفاقی وزیر سید فخر امام تھے، دیگر مہمانوں میں سابق ممبر صوبائی اسمبلی سید احمد مجتبٰی گیلانی، پروفیسر ڈاکٹر حمید رضا صدیقی، مجلس وحدت مسلمین جنوبی پنجاب کے سیکرٹری جنرل علامہ اقتدار حسین نقوی، سید زاہد حسین گردیزی، علامہ مجاہد عباس گردیزی، سید زاہد حسین شمسی، خواجہ عبداللہ اور دیگر شامل تھے۔ نظامت کے فرائض حسب معمول معروف شاعر، ادیب اور نقاد شاکر حسین شاکر نے انجام دیئے۔
تقریب سے قبل ملتان کے مقامی صنعتکاروں کے فن پاروں پر مشتمل نمائش کا افتتاح بھی کیا گیا، نمائش میں فن پاروں کے ساتھ ساتھ انقلاب اسلامی سے وابستہ کُتب، دستاویزات اور عکس بھی نمایاں تھے۔ رہنمائوں نے اپنے خطاب میں انقلاب اسلامی ایران کے حوالے سے کہا کہ ایرانی عوام نے اپنے لیڈر امام خمینی رضوان اللہ علیہ کے فرمودات پر عمل کیا اور آج وہ ایک کامیاب ملت ہیں، لیکن پاکستانی قوم نے بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح کے فرمودات کو پس پُشت ڈال دیا، جس کی وجہ سے آج یہ حالت ہے، رہنمائوں کا کہنا تھا کہ پاک ایران تعلقات کو مزید مضبوط اور گہرا ہونا چاہیے، عالم اسلام کے یہ دو طاقتور ممالک دشمن کی آنکھ کا کانٹا ہیں، ہمیں بھی ایران کی طرح اپنی خود مختاری کا سودا نہیں کرنا چاہیے۔ تقریب کے آخر میں ڈائریکٹر خانہ فرہنگ اسلامی جمہوریہ ایران ملتان خانم سیدہ زاہدہ بخاری نے تمام مہمانوں کا شکریہ ادا کیا۔