مریم صفدر کا دختر رسولؑ سے اپنا موازنہ کرنا گستاخی ہے، صاحبزادہ حامد رضا
شیعہ نیوز(پاکستان شیعہ خبر رساں ادارہ ) سنی اتحاد کونسل پاکستان کے چیئرمین صاحبزادہ حامد رضا نے کہا ہے کہ سینٹ میں شکست سے نواز شریف کا عدلیہ مخالف آئینی ترمیم لانے کا خواب چکنا چور ہو گیا، جامعہ نعیمیہ کا واقعہ ختم نبوت حلف نامہ تبدیل کرنے کا شاخسانہ ہے، عدلیہ قوم کی امیدوں کا مرکز بن چکی ہے، اب ن لیگ ہر گزرتے دن کیساتھ منتشر اور منقسم ہوتی جائے گی، صادق سنجرانی کے چیئرمین سینٹ بننے سے بلوچستان قومی دھارے میں شامل ہو گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مریم صفدر کا دختر رسول سے اپنا موازنہ کرنا گستاخی ہے، شہباز شریف کے صدر بننے سے نااہل لیگ شر لیگ بن گئی ہے، چیئرمین سینٹ کے انتخابات نے ملک میں نئی سیاسی صف بندی کی بنیاد رکھ دی ہے، زرداری کا نواز شریف سے ملنا جمہوریت اور عمران کا زرداری سے ملنا سازش قرار دینا کھلا تضاد ہے، سینٹ میں اپوزیشن کا کریڈٹ عمران خان کو جاتا ہے، جنرل الیکشن میں کرپٹ ٹولے کا بوریا بستر گول ہو جائے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے سنی اتحاد کونسل کے مرکزی و صوبائی راہنماؤں کے اعلی سطحی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ صاحبزادہ حامد رضا نے مزید کہا کہ سینٹ میں اپوزیشن کی فتح کو غیر جمہوری قوتوں کی جیت قرار دینا مضحکہ خیز ہے، اپوزیشن نے اتحاد کی برکت سے سینیٹ کا معرکہ جیتا ہے، سینیٹ میں شکست سے ن لیگ کا کاؤنٹ ڈاؤن شروع ہو گیا ہے، حکومت سینیٹ میں برتری کے بعد قوانین تبدیل کرنا چاہتی تھی، ن لیگ کی ججوں کی عمریں اور نیب کے اختیارات کم کرنے کی سازش ناکام ہو گئی ہے۔ شہباز شریف کو ن لیگ کا صدر بنانا نئے این آر او کی ناکام کوشش ہے۔ عدلیہ کا سرکاری اشتہارات پر سیاستدانوں کی تصوریریں نہ لگانے کی ہدایت لائق تحسین ہے۔ الیکشن کے قریب ترقیاتی فنڈز کی تقسیم پر بھی پابندی لگنی چایئے۔ الیکشن سے پہلے پنجاب میں دوسرے صوبوں سے بیوروکریٹس نہ لائے گئے تو دھاندلی روکنا مشکل ہو جائے گا۔