بھارتی جبر و استبداد کشمیریوں کو انکے جذبہ آزادی سے پیچھے نہیں ہٹا سکتا، پسند رضوی
شیعہ نیوز(پاکستان شیعہ خبر رساں ادارہ ) اصغریہ علم و عمل تحریک پاکستان کے مرکزی صدر سید پسند علی رضوی نے کہا ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں ظلم و ستم کی داستان نہ صرف دل دہلا دینے والی ہے، بلکہ اقوام عالم کے بنائے گئے انسانی حقوق کی کھلم کھلا خلاف ورزی ہے، بھارت کی طرف سے کشمیریوں پر ڈھائے جانے والے مظالم برداشت کی حدود سے تجاوز کر چکے ہیں۔ اپنے مذمتی بیان میں پسند علی رضوی نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں بچے، بوڑھے، جوان مرد و خواتین غرض کوئی بھی بھارتی جارحیت سے بچ نہیں سکا، سینکڑوں جانیں لقمہ اجل کا شکار ہوئی ہیں، بھارتی افواج کی جانب سے بچوں پر ایسا بیہمانہ تشدد کیا جاتا ہے کہ اسکے تصور سے ہی رونگٹے کھڑے ہو جاتے ہیں اور انسانیت شرمانے لگتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اپنی دھرتی اور انسانی حقوق کیلئے جدوجہد کرنے والے جوانوں کو اغوا کرکے لاپتہ کر دیا جاتا ہے اور بعد ازاں بے دردی سے مسخ شدہ لاشیں توہین آمیز انداز میں پھینک دی جاتی ہیں، جو بھارت کی فرعونیت اور چنگیزیت کا منہ بولتا ثبوت ہوتی ہیں۔
پسند علی رضوی نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں خواتین کو جنسی تشدد کا نشانہ بنا کر حوا کی بیٹی کی حرمت و تقدس کو پامال کیا جاتا ہے، ہنسے بستے گھروں کو اجاڑنا بھارتی فوج اور بھارتی پولیس کا مشغلہ بن چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ انسانی حقوق کی پامالی کی شاید ہی ایسی کوئی اور نظیر کہیں ملتی ہو۔ انہوں نے کہا کہ عالم اسلام شیطان بزرگ امریکا کے حواری بھارت، اسرائیل اور سعودی عرب کے مظالم برداشت کر رہے ہیں، جبکہ عالمی ادارے قراردادوں تک محدود ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کوئی ظلم یا دہشتگردی غیرت مند قوم کو جھکا نہیں سکتی، بھارتی جبر و استبداد کشمیریوں کو ان کے جذبہ آزادی سے پیچھے نہیں ہٹا سکتا۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کشمیر کی اخلاقی، سیاسی اور سفارتی حمایت جاری رکھے گی۔