Uncategorized

حضرت زینب (ع) ظالم حکمران کے سامنے مزاحمتی قوت ثابت ہوئیں، علامہ راجہ ناصر عباس

شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ)لاہور میں اسلامی جمہوریہ ایران کے ثقافتی مرکز خانہ فرہنگ میں شریکتہ الحسین سنڈے سکول کی جانب سے تیسری شریکتہ الحسین کانفرنس کا انعقاد کیا گیا۔ تقریب میں کثیر تعداد میں علما اور خواتین نے شرکت کی اور سیرت سیدہ زینب سلام اللہ علیہا پر روشنی ڈالی۔ تقریب کے مہمان خصوصی ایم ڈبلیو ایم کے سربراہ علامہ راجہ ناصر عباس جعفری کا اپنے خطاب میں کہنا تھا کہ جناب سیدہ زینب سلام اللہ علیہا تاریخ کی صابرہ اور شاکرہ خاتون ہیں، جنہوں نے وقت کے ظالم کی چالاکیوں کا پردہ چاک کیا اور دشمن کے سامنے ایک مزاحمتی قوت ثابت ہوئیں۔ انہوں نے مدینہ سے کربلا اور پھر دمشق تک کا سفر دین اور شریعت محمدی کی حفاظت کیلئے کیا اور کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ جناب سیدہ ایک شیر دل خاتون کی شیر دل بیٹی تھیں، آج کی خواتین کو جناب سیدہ کی حیات طیبہ کا مطالعہ کرنا چاہیے، سیدہ زینب سلام اللہ علیہا کی حیات طیبہ مومنین ماؤں کیلئے نمونہ عمل ہے۔

انہوں نے کہا کہ خواتین کو چاہیے کہ اپنے گھروں میں ایسا ماحول پیدا کریں کے امام زمانہ کے ظہور کی راہیں ہموار کی جاسکیں، صرف گھر بیٹھنے یا دعا مانگنے سے امام زمان نہیں آئیں گے امام زمان(ع) کے ظہور کیلئے ہمیں میدان عمل میں نکلنا ہوگا، کیوں کہ امام کو کسی دولت و زر کی ضرورت نہیں بلکہ خون جگر کی ضرورت ہے۔ علامہ راجہ ناصر عباس جعفری کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان میں شہید قائد عارف حسین الحسینی نے وحدت کا پرچم بلند کیا اور آج ہم شہید قائد کے معنوی فرزند اپنے قائد کے مشن کو آگے لے کر بڑھ رہ ہیں، اس مشن میں پاکستان کی خواتین کو کردار زینبی ؑ پر عمل کرتے ہوئے امام زمان کے ظہور کی راہ میں حائل رکاوٹوں کو دور کرنے کیلئے انقلابی اقدام اٹھانے ہوں گے۔ تقریب کے اختتام پر شریکتہ الحسین سنڈے اسکول کی جانب سے سربراہ ایم ڈبلیو ایم علامہ راجہ ناصر عباس جعفری کو شیلڈ بھی پیش کی گئی۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button