Uncategorized

عیدالفطر، کراچی سمیت سندھ بھر میں 29826 پولیس افسران و اہلکار سیکورٹی فرائض سرانجام دینگے

شیعہ نیوز(پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ)شہر قائد کی تمام مرکزی مساجد، امام بارگاہوں اور عیدگاہوں سمیت دیگر کھلے مقامات کی نماز عید سے قبل سوئپنگ اور کلیئرنس کے عمل کو یقینی بنایا جائے، یہ ہدایات آئی جی سندھ اے ڈی خواجہ نے عیدالفطر کے حوالے سے کراچی پولیس کی جانب سے مرتب کردہ سیکیورٹی پلان کا جائزہ لیتے ہوئے جاری کیں۔ آئی جی سندھ نے کہا کہ عید کے تینوں دنوں میں ضلعی وائرلیس کنٹرول رومز پر متعلقہ ایس ایچ اوز نماز عید کے آغاز تا اختتام کی تفصیلات باقاعدہ نوٹ کرائیں گے، جبکہ کڑی نگرانی/علاقوں میں ریکی کی بدولت جرائم کے خلاف تمام تر مجموعی امور کو بھی انتہائی مربوط اور موُثر بنائیں گے۔ پولیس رپورٹ کے مطابق ایسٹ زون میں نماز عید کے حوالے سے 1367 عیدگاہوں، مساجد، امام بارگاہوں، کھلے مقامات پر 5336 سے زائد پولیس افسران اور جوان سیکیورٹی فرائض انجام دینگے، جبکہ موبائل اور موٹرسائیکل پر مامور افسران اور جوان اسکے علاوہ ہیں۔ ویسٹ زون میں نماز عید کے موقع پر کم و بیش 1652 عید گاہوں، مساجد، امام بارگاہوں، کھلے مقامات پر 5262 کے قریب افسران اور جوان سیکیورٹی فرائض انجام دینگے، جس میں پولیس موبائلز اور موٹر سائیکلز پر سوار افسران اور جوان شامل ہیں۔

پولیس رپورٹ میں بتایا گیا کہ زون ساؤتھ میں نماز عیدالفطر کے حوالے سے 857 کے قریب عیدگاہوں، مساجد، امام بارگاہوں، کھلے مقامات پرکم و بیش 2588 پولیس افسران اور جوان سیکیورٹی فرائض انجام دینگے، ان میں موبائلز اور موٹر سائیکل سوار افسران اور جوان بھی شامل ہیں۔ رپورٹ کے مطابق سندھ کی دیگر پولیس رینج میں مجموعی طور پر 16640 افسران اور جوان سیکیورٹی پر تعینات کئے جا رہے ہیں، جبکہ مساجد، امام بارگاہوں، عیدگاہوں، دیگر کھلے مقامات کی مجموعی تعداد حیدرآباد، میرپورخاص شہید بینظیر آباد، لاڑکانہ اور سکھر میں 3918 ہے۔ آئی جی سندھ نے پولیس کو ہدایات جاری کیں کہ متعلقہ علاقوں میں رینڈم، اسنیپ چیکنگ، گشت اور دیگر ضروری سیکیورٹی اقدامات سے قیام امن کی مجموعی صورتحال کو کنٹرول میں رکھنے کے تمام تر امور کو یقینی بنایا جائے اور باالخصوص ڈیوٹی پوائنٹس کو کسی بھی صورت خالی نہ چھوڑا جائے، تاکہ عید کے تینوں دنوں میں سیکیورٹی کے مسلسل اقدامات کو فول پروف بنایا جا سکے۔ آئی جی سندھ نے ٹریفک پولیس کو عید کے موقع پر ٹریفک کی بلاتعطل روانی کے حوالے سے بھی خصوصی ہدایات جاری کیں ہیں۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button