کوئٹہ، ایم ڈبلیو ایم جلسہ عام
شیعہ نیوز(پاکستانی خبر رساں ادارہ)کوئٹہ کے علاقے علمدارروڈ پر مجلس وحدت مسلمین کے زیراہتمام انتخابی مہم کے سلسلے میں جلسہ عام کا انعقاد کیا گیا۔ اس موقع پر مجلس وحدت مسلیمن پاکستان کے مرکزی رہنماء علامہ راجہ ناصر عباس جعفری، ڈپٹی سیکرٹری جنرل سید ناصر عباس شیرازی، سابق وزیر قانون بلوچستان سید محمد رضا، امام جمعہ کوئٹہ علامہ سید ہاشم موسوی اور دیگر نے خصوصی طور پر شرکت کی۔ جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے اتحاد بین المسلمین کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ قوموں کی بندھن سے نکل کر کامل نظریات کےساتھ میدان عمل میں نکلنے کا وقت آ چکا ہے۔ شہدائے کوئٹہ اور ملت تشیع کی استقامت نے جناب سید محمد رضا جیسی شخصیت پیدا کی۔ ہم سے غلطیاں ممکن ہے، لیکن اپنی ملت کیساتھ خیانت نہیں کر سکتے۔
حلقہ پی بی 27 میں سید محمد رضا کی جگہ کوئی اور امیدوار ملت کی لیڈرشپ کا اہل ہوتا، تو بخدا ہم اپنا امیدوار اسکے حق میں بیٹھا دیتے۔ اگر آپ چاہتے ہیں کہ آئندہ بھی اسمبلی میں آپکے حقوق کیلئے آواز بلند ہو، شہداء کے پسماندگان کیلئے رہائشی اسکیمیں بنیں، ہمارے بچوں کیلئے سکول اور یونیورسٹی بنیں، تو ایک مرتبہ پھر جناب آغا رضا کو کامیاب بنائیں۔ ایم ڈبلیو ایم اقتدار کی بھوکی نہیں ہیں، بلکہ خدمت کی بھوکی ہیں۔ ہمارا امیدوار چاہے اس الیکشن میں کامیاب ہو یا نہ ہو، ہم اپنی خدمت کا سفر جاری رکھیں گے۔ یاد رہے مذکورہ جلسہ عام ایم ڈبلیو ایم کا انتخابات کے سلسلے میں علمدارروڈ حلقہ پی بی 27 میں منعقد ہونے والا پہلا سیاسی پاور شو تھا، جس میں ہزاروں کی تعداد میں مرد وخواتین شرکاء نے شرکت کی۔