محرم الحرام میں مذہبی رواداری وہم آہنگی کو برقرار رکھا جائے، ملی یکجہتی کونسل
شیعہ نیوز(پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) ملی یکجہتی کونسل سندھ کے صدر ونائب امیر جماعت اسلامی پاکستان اسد اللہ بھٹو، جنرل سیکریٹری قاضی احمد نورانی، سینئر نائب صدر علامہ ناظر عباس تقوی نے اپنے ایک مشترکہ بیان میں اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ محرم الحرام میں مذہبی رواداری وہم آہنگی اور باہمی اخوت و محبت کے ماحول کو ہر صورت میں برقرار رکھا جائے اور اتحادو یکجہتی کے ذریعے اس ماحول کو خراب کر نے کی ہر قسم کی سازش کو ناکام بنا دیا جائے، ملی یکجہتی کونسل کے رہنماؤں نے مزید کہا ہے کہ یہ سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے کہ مذہبی رواداری و ہم آہنگی اور امن و امان کی صورتحال کو بہتر رکھنے میں تمام مسالک و مکاتب فکر کے علمائے کرام ، مشائخ ،ذاکرین اور ان سے وابستہ افراد اپنا کردار ادا کریں اور یہ حکومت اور قانون نافذ کر نے والے اداروں کا بھی فرض ہے کہ وہ اپنی ذمہ داری پوری کریں اور امن و امان کے قیام کو یقینی بنائیں، مجلس عمل کے رہنماؤں نے علمائے کرام و ذاکرین سے اپیل کی ہے کہ وہ اپنے خطبات ،تقاریر اور مجالس میں باہمی اخوت و محبت اور مذہبی رواداری کے جذبات کو فروغ دیں اور اتحاد و یکجہتی کا درس دیں، ہمارا اتحاد اور یکجہتی ہی دشمن کی سازشوں کو ناکام بنا سکتا ہے۔