یوم عاشور پردوران ڈیوٹی بھوکے بچوں کو اپنےحصےکا کھانا کھلانےوالے پولیس اہلکار کیلئے نقد انعام اور تعریفی اسناد
شیعہ نیوز(پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) آئی جی خیبرپختونخوا کی جانب سے یوم عاشور پر اپنے حصے کا کھانا غریب بچوں کو کھلانے والے پولیس اہلکار برکت اللہ شاہ کو نقد انعام اور تعریفی اسناد دی گئی۔یوم عاشور پر سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے تھے اور ملک بھر میں جلوسوں اور اطراف کی سیکیورٹی پر پولیس اور دیگر سیکیورٹی فورسز کے اہلکار تعینات تھے۔یوم عاشور کےجلوس عزاکے موقع پر خیبرپختونخوا کے شہر بنوں میں سیکیورٹی پر معمور پولیس اہلکاروں کے لیے پولیس لائن سے کھانا فراہم کیا گیا تھا جس پر پولیس اہلکار برکت علی شاہ نے قریب ہی موجود 2 غریب بچوں کو اپنے حصے کا کھانا کھلایا تھا۔
اس موقع پر لی گئی تصویر سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہوئی تھی جس کو سوشل میڈیا صارفین نے بے حد سراہا اور اسے پولیس کا مثبت چہرہ قرار دیا تھا۔سوشل میڈیا پر تصویر کی شہرت کے بعد انسپکٹر جنرل آف پولیس خیبر پختونخوا کی جانب سے ڈی پی او بنوں یاسر آفریدی نے سپاہی برکت اللہ شاہ کی حوصلہ افزائی کے لیے نقد انعام اور تعریفی اسناد دیں۔
واضح رہے کہ واقعہ کربلا کا اصل درس یہی ایثار، قربانی اور فدا کاری ہے چاہے وہ اپنے نفس کی ہو، جان کی ہو مال کی یا کھانے کی ، سپاہی برکت اللہ شاہ نے دوران جلوس عزا اپنے حصہ کا کھانا بھوکے بچوں میں تقسیم کرکے جذبہ ایثار کا عملی مظاہرہ کیا تھا جسے اسی طرح سراہنا چاہئے تھا، آئی جی کے پی کے کا یہ اقدام قابل تحسین اور دیگر پولیس کے سپاہیوں کے لئے اخلاقی تبدیلی کا موجب بھی۔