وزارتِ داخلہ نے امریکی و برطانوی سفارتخانوں کو نادرا کا ڈیٹا فراہم کردیا
پاکستانی وزارتِ داخلہ نے ملک بھر میں قائم امریکی اور برطانوی سفارت خانوں کو نادرا کی کمپیوٹرائزڈیٹامعلومات سمیت پاکستان کی تمام موبائل کمپنیوں کا ڈیٹا فراہم کردیا ہے
جس کے ذریعے امریکا اور برطانیہ کسی بھی پاکستانی شہری کے بارے میں مکمل معلومات حاصل کرسکیںگے۔ ذرائع نے بتایا کہ نادرا اور موبائل کمپنیوں کے ان سسٹمز کی فراہمی کے بعد سفارتخانے کسی بھی پاکستانی شہری کے قومی شناختی کارڈ نمبر سے اس کے اس کے خاندان والوں اور ان کے نام سے جاری ہونے والی موبائل سِمزکی
معلومات سمیت اس کی لوکیشن کا بھی پتا چلا سکیں گے۔
ذرائع کے مطابق سسٹم کی فراہمی سے جہاں پاکستانی شہریوں کے بارے میں ہر طرح کی معلومات دستیاب ہوں گی وہیں ان ملکوں کی طرف سے پاکستانیوں کو ویزا کی فراہمی کے وقت مذکورہ سسٹم امریکی اور برطانوی سفارت خانوں کے لیے مفید ثابت ہوگا۔ یہ سسٹم چند روز پہلے ہی ایف آئی اے کے ایک اعلیٰ افسر نے امریکی اور برطانوی سفارت خانوں کو دیا ۔
ذرائع نے یہ بھی بتایا کہ اس سسٹم کے ملنے کے بعد دیگر ممالک کے سفارت خانوں نے بھی حکومت پاکستان سے اس کی فراہمی کا مطالبہ کردیا ہے۔ ان ممالک میں فرانس ڈنمارک آسڑیلیااور کینیڈا وغیرہ شامل ہیں۔ واضح رہے کہ اس سسٹم کو نہ صرف مذکورہ ممالک اپنے مفاد میں استعمال کرسکیں گے بلکہ سفارت خانے کا کوئی بھی ملازم اس کا ناجائز استعمال کرکے کسی پاکستانی کو نقصان پہنچا سکتا ہے۔
دنیا بھر میں مختلف ممالک کے جاسوسی نیٹ ورکس کام کرتے ہیں لیکن ایسا پہلی دفعہ ہوا ہے کہ کوئی ریاست خود ہی ریاستی راز کی حیثیت رکھنے والی معلومات کسی دوسرے ملک کو فراہم کرے۔