پاکستان کے عوام کی معلومات امریکی سفارت خانے کے حوالے کر نا فکری غلامی کا منہ بولتا ثبوت ہے
مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی ڈپٹی سیکرٹری جنرل علامہ محمد امین شہیدی کا کہنا ہے کہ حکمرانوں کی جانب سے پاکستانی عوام کا ڈیٹا( تمام موبائل نمبرز اور ایڈریسز) امریکی سفارت خانے کے حوالے کرنا حکمرانوں کی فکری غلامی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔شیعت نیوز کے نمائندے سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ زندہ قومیں اپنی عزت وحمیت اور آزادی کا کبھی سودا نہیں کرتیں۔ یہ اقدام پاکستانی قوم کو اغیا رکے ہاتھوں فروخت کرنے کے مترادف ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی قوم کے بنیادی انسانی حقوق کی اس زیادہ پامالی اور کیاہوسکتی ہے کہ امریکی سامراج جب اور جس کے بارے میں چاہے نادرا اور موبائل کپنیوں کے ڈیٹا کے ذریعے معلومات حاصل کرلے۔ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کی من حیث القوم ا س طرح توہین اور تذلیل برداشت نہیں کی جائے گی۔انہوں نے مزید کہا کہ جب تک ہم اسلامی حمیت و عزت اور اپنی سرزمین اور مٹی سے وفاداری کیلئے متحد نہیں ہوتے ہمارے دشمن یونہی ہمارا استحصال کرتے رہیں گے۔ انہوںنے کہا کہ تمام پاکستانی قوم کو آنکھیں کھولنی چاہییے اور ملی بیداری کا ثبوت دے کر استعماری قوتوں کے مقابلے میں ملت واحدہ بن جانا چاہیے اور فرقہ واریت ، گروہ بندی سے پرہیز کرتے ہوئے اسلامی اخوت اور بھائی چارے کا مظاہر ہ کرتے ہوئے اپنے ملک اور قوم کو استعمار کے پنجے سے آزادی دلوانی ہوگی۔