پاکستانی شیعہ خبریں
اقوام عالم غاصب صہیونی ریاست اسرائیل کی نابودی بہت جلد اپنی آنکھوں سے دیکھیں گے
اقوام عالم غاصب صہیونی ریاست اسرائیل کی نابودی بہت جلد اپنی آنکھوں سے دیکھیں گے اور فلسطین کی آزادی اب دور نہیں۔امت مسلمہ قبلہ اول بیت المقدس اور مسجد الاقصیٰ کے خلاف صہیونی سازشوں کا منہ توڑ جواب دے گی،حماس کی منتخب حکومت کو تسلیم نہ کرنا غیر جمہوری فعل ہے،حزب اللہ ،حماس کی اسرائیل کے خلاف بے مثال مزاحمت کو سلام پیش کرتے ہیں ،مصر حکومت فلسطینیوں کی نسل کشی کے اقدامات سے پرہیز کرے اور رفح سرحد پر آہنی دیوار کی تعمیر بند کی جائے ،قوام متحدہ غزہ کا مسلسل اسرائیلی محاصرہ ختم کروائے،گولڈ اسٹون رپورٹ کی روشنی میں غاصب صہیونی ریاست اسرائیل کے خلاف عالمی عدالت انصاف میں جنگی جرائم کا مقدمہ قائم کیا جائے ۔ان خیالات کا اظہار فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان کے مرکزی رہنماؤں مظفر احمد ہاشمی،قاضی احمد نورانی، ،علامہ آفتاب حیدر جعفری ،صابر کربلائی نے کراچی پریس کلب کے باہر یوم نکبہ (14مئی)کے عنوان سے منعقدہ اسرائیل نا منظور احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان کے رہنماؤں نے کہا کہ غاصب صہیونی ریاست اسرائیل کے مظالم کو ترسٹھ برس مکمل ہونے کو ہیں لیکن تاحال مسئلہ فلسطین کے لئے کو ئی خاطر خواہ اقدامات نہیں کئے گئے،انہوںنے کہا کہ عالم مغرب بالخصوص حقوق انسانی کے نام نہاد چیمپئن امریکا کو شرم آنی چاہئیے کہ ایک طرف تو امریکی انتظامیہ حقوق انسانی کے تحفظ کی علمبردار بنتی ہوئی نظر آتی ہے جبکہ دوسری طرف فلسطین میں انسانی حقوق کی غاصب صہیونی ریاست اسرائیل کی طرف سے ہونے والی پامالیوں کی حمایت بھی کرتی ہے،جبکہ جمہوریت کا دعویدار امریکا حماس کی منتخب حکومت کے خلاف سازشوں میں بھی اسرائیلی صفوں میں نظر آتا ہے جو اس بات کا ثبوت ہے کہ فلسطینیوں پر ہونے والے ظلم و جبر کا اصل ذمہ دار صرف اور صرف امریکا ہی ہے۔
رہنماؤں نے اقوام متحدہ اور انسانی حقوق کی عالمی تنظیموں سے اپیل کی کہ وہ فلسطین میں ترسٹھ سال سے جاری اسرائیلی بربریت کے خلاف کاروائی عمل میںلائیں اور خصوصاً سولہ مہینے قبل غزہ کے اندر فلسطینیوں کے گھروں کو صہیونی فوجیوں کی جانب سے تباہ کئے جانے کے خلاف اسرائیل کے خلاف جنگی مقدمات قائم کئے جائیں جبکہ مسئلہ فلسطین کے حل کے لئے پہلے مرحلے میں فلسطینی خود مختار ریاست کا قیام عمل میںلایا جائے اور اسرائیل کو 1967ء کی سرحدوں پر واپس بھیجا جائے ۔
رہنماؤں کا کہنا تھا کہ عرب حکمرانوں کو چاہئیے کہ امریکی اوراسرائیلی کاسہ لیسی کو ترک کر دیں اور مسئلہ فلسطین کے پائیدار حل کے لئے عملی اقدامات کریں رہنماؤں نے مصر حکومت کی جانب سے فلسطینیوں کی نسل کشی کے منصوبہ کے تحت برفح سرحد پر تعمیر کی جانے والی آہنی دیوار کی تعمیر رکوانے کا مطالبہ کیا اور عرب ممالک سمیت عالم اسلام اور یورپی یونین سے اپیل کی غزہ کا محاصرہ ختم کروانے میں اپنا مثبت کردار ادا کریں اور مصر کی جانب سے تعمیر کی جانے والی آہنی دیوار کو فی الفور منہدم کیا جائے بصورت دیگر مسلمانان پاکستان مجبور ہوں گے کہ مصر حکومت کے خلاف سڑکوں پر نکل آئیں اور سراپا احتجاج بن جائیں،رہنماؤں نے مزید کہا کہ پاکستان کی سر زمین سے ہمیشہ فلسطینیوں کی حمایت اور اسلامی تحریکوں کی حمایت جاری رکھیں گے،اس موقع پر مطاہرین نے امریکا مردہ باد،اسرائیل نامنظور،اسلام کا دشمن امریکا،امریکا عالمی دہشت گرد اور فلسطین کی آزادی تک جنگ رہے گی کے فلک شگاف نعرے بلند کئے جبکہ بعد ازاں امریکی و اسرائیلی پرچم بھی نذر آتش کئے گئے۔