پاکستانی شیعہ خبریں

بشریت حضرت فاطمۃ الزہرا (س)کی احسان مند ہے۔

mwm_2مجلس وحدت مسلمین پاکستان شعبہ خواتین کے زیر اہتمام ولادت ِحضرت فاطمہ سلام اللہ علیہا کے موقع پر ” ام الآئمہ ” سیمینار کا انعقاد کیا گیا ۔ شیعت نیوز کے نمائندے کی رپورٹ کے مطابق سیمینار قومی مرکزلاہور میں منقعد کیا گیا جس میں شہر بھر سے سیکڑوں خواتین نے شرکت کی ، سیمینار سے مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی رہنماء علامہ مظہر حسین کاظمی ، محترمہ سیدہ زاہدہ حسینی ، محترمہ سیدہ رباب رضوی، اور محترمہ زہرانقوی نے خطاب کیا ۔ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے علامہ مظہر حسین کاظمی نے کہا کہ اسلام وہ دین ہے کہ جس نے عورت کو سب سے پہلے دیگر ادیان کے مقابلے میں اہمیت اور فضیلت دی ہے ۔ انسان عقل و شعور جذبات و احساسات و ضمیر و وجدان کا  مجموعہ ہے اور دختر پیغمبر اکرم حضرت محمد مصطفی (ص) جناب سیدہ فاطمۃ الزہرا (س) نے جن مصائب اور سختیوں کو برداشت کر کے اسلام کی آبیاری کی ہے اس کی مثال تاریخ انسانیت میں کہیں نہیں ملتی اور آپ (س) کا کردار نہ صرف خواتین بلکہ عالم انسانیت بشمول مردوں کے لیے بھی نمونہ عمل اور مشعل راہ ہے ۔ محترمہ سیدہ زہرا نقوی، رباب رضوی اور محترمہ سیدہ زاہدہ نے سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ حضرت فاطمہ زہرا (س) کی ذات اَقدس میں ہمیں کائنات کے تمام عروج کا مجموعہ نظر آتا ہے ۔ آپ (س) بحیثیت ایک ماں ، ایک بیٹی اور ایک بیوی کی حیثیت سے دینا بھر کی خواتین کے لئے نمونہ عمل ہیں ، خواتین کو چاہیے کہ سیرت جناب سیدہ فاطمہ سلام اللہ علیہا کا زیادہ سے زیادہ مطالعہ کریں۔ مقررین نے کہا کہ امام خمینی رضوان اللہ نے یوم ِولادت ِ حضرت سیدہ زاہرا سلام علیھاکو یوم نسواں سے منسوب کیا ہے او رخواتین کے لئے اس دن سے بہتر کوئی اور دن ہو نہیں سکتا۔بشریت حضر ت فاطمہ زہرا سلام علیہا کی اِحسان مند ہے ، اُن کا فیض انسانوں سے بھری اس دنیا کے کسی چھوٹے سے گروہ تک ہی محدود نہیں ہے ۔ اگر ہم حقیقت پر مبنی نظر سے دیکھیں تو ہمیں نظر آئے گا کہ پوری انسانیت پر اُن کا احسان ہے ۔ جس طرح انسانیت پر اسلام ، قرآن ، انبیاء خدا اور رسول اکرم ؐ کی تعلیمات کا احسان ہے ۔ تاریخ میں ہمیشہ ایسا ہی ہوا ہے ، آج بھی ایسی ہی صورت حال ہے اور روز بروز اسلام اور حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کی معنویت کا نور زیادہ واضح ہوتا جائے گا اور بشریت اسے زیادہ واضح طور پر محسوس کرے گی۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button