پاکستانی شیعہ خبریں
سرگودھا میں لبیک یا حسین (ع) کانفرنس کا انتظام
مجلس وحدت مسلمین نے سرگودھا کی سرزمین پر لبیک یا حسین (ع) کانفرنس کے انتظامات کو آخری شکل دے دی۔مجلس وحدت مسلمین پاکستان ضلع سرگودھا کی زیرنگرانی،عزادار ی کے تحفظ اور ملت جعفریہ میں بیداری کی روح پھونکنے کے لیے7 نومبر کو امام بارگاہ قصر القائم سرگودھا میں منعقد کی جانے والی لبیک یا حسین (ع) کانفرنس کے انتظامات کو آخری شکل دے دی گئی ہے۔
مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے شیعت نیوز کے نمایٔندے کو بتایا ہے کہ یہ عظیم الشان کانفرنس مملکت خداداد پاکستان میں دہشت گردی اور ٹارگٹ کلنگ کے بڑھتے ہوئے واقعات، مقامات مقدسہ کی بے حرمتی پر حکومت کی بے حسی اور پاکستانی عوام بالخصوص ملت جعفریہ میں پھیلنے والی بے چینی و مایوسی اور عزاداری مظلوم کربلا کے خلاف اسلام دشمن قوتوں کی سازشوں اور حکومتی عزائم کو مدنظر رکھ کر منعقد کی جا رہی ہے۔
انھوں نے بتایا کہ کانفرنس میں علمائے کرام، ذاکرین عظام اور ملت جعفریہ کی دیگر سرکردہ شخصیات کو مدعو کیا گیا ہے، ان شاءاللہ ملت جعفریہ کا یہ عظیم اجتماع وحدت ملت کے لیے ایک اہم سنگ میل ثابت ہو گا۔ انھوں نے بتایا کہ کانفرنس کے دوران بیداری ملت اور اتحاد باہمی کے عملی مظاہرے کے ساتھ ساتھ شیعیان حیدر کرار (ع) کی ٹارگٹ کلنگ، مقامات مقدسہ کی بے حرمتی، دہشت گردی، لاقانونیت اور امن و امان کی مخدوش صورتحال پر مقتدر طبقے کی مجرمانہ خاموشی کے خلاف احتجاج کیا جائے گا اور شرکائے کانفرنس کی تجاویز و آراء کی روشنی میں دہشت گردی کے تدارک اور عزاداری کے خلاف ہونے والی سازشوں کا راستہ روکنے کے لیے ملت جعفریہ کے متفقہ لائحہ عمل کا اعلان کیا جائے گا۔
دریں اثناءمجلس وحدت مسلمین ضلع سرگودھا کے سیکرٹری جنرل راجہ امجد حسین نے بتایا ہے کہ لبیک یا حسین (ع) کانفرنس کی پہلی نسشت صبح آٹھ تا ایک بجے دوپہر ہو گی، دو بجے بعد از نماز ظہرین پریس کانفرنس ہوگی، دوسری نسشت دو بجے سے شروع ہو کر چار بجے ختم ہوگی، اختتام پر عزادار ی کے حوالے سے ملت جعفریہ کے مشترکہ لائحہ عمل کا اعلان ہو گا اور ملک میں بڑھتی ہوئی دہشت گردی، لاقانونیت اور شیعہ اکابرین کی ٹارگٹ کلنگ کے خلاف ریلی نکالی جائے گی، جو اما م بارگاہ قصر القائم سے شروع ہو کرچوک سیٹلائٹ ٹاﺅن پر اختتام پذیر ہوگی۔