پاکستانی شیعہ خبریں

ملک بھر میں امریکی سفارتخانوں کا گھراؤ کریں گے. مجلس وحدت مسلمین پاکستان

MWM_Protest3بلیک واٹر کے دہشت گر د امریکی جاسوس اور3 پاکستانی شہریوں کے قاتل ریمنڈ ڈیوس کی رہائی کے لئے امریکی دباؤ جاری رہا تو ملک بھر میں امریکی سفارتخانوں کا گھراؤ کریں گے،عدلیہ قومی وقار و عزت اور قوم کے جذبات کی ترجمانی کرتے ہوئے منصفانہ حکمت عملی اپنائے اور پنجاب حکومت امریکی حکمرانوں سے ساز باز سے گریز کرے۔ محمد مہدی،مولانا صادق رضا تقوی اور علی اوسط کا مظاہرین سے خطاب
ان خیالات کا اظہار مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے کراچی سیکر ٹری جنر ل محمد مہدی ،کراچی کے ڈپٹی جنرل سیکرٹری مولانا صادق رضا تقوی اور علی اوسط نے جمعہ کے روز خوجہ مسجد کھارادر کے باہر مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ ناصر عباس کی اپیل پر ریمنڈ ڈیوس کی ممکنہ رہائی کے خلاف منعقدہ احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔رہنماؤں کاکہنا تھا کہ امریکی جاسوس دہشت گرد ریمنڈ ڈیوس کی گرفتاری اس بات کا کھلا ثبوت ہے کہ مملکت پاکستان میں امریکی وصہیونی دہشت گرد کھلم کھلا کاروائیاں انجام دے رہے ہیں جو ملکی و قومی سلامتی کے لئے شدید خطرہ ہیں انہوںنے کہا کہ ملت پاکستان امریکی و صہیونی ایجنٹوں کو سرزمین پاکستان پر سازشیں نہیں کرنے دے گی اور حکومت بھی بلیک واٹر دہشت گرد ریمنڈ ڈیوس کے حوالے سے مضبوط مؤقف اپنائے پوری قوم حکومت کے شانہ بشانہ ہے اور تین پاکستانی شہریوں کے قاتل ڈیوس کی رہائی کے حوالے سے کسی قسم کی سودے بازی قبول نہیں کی جائے گی۔
مقررین کاکہنا تھا کہ حکمرانوں کو امریکا کے دنیا بھر میں کمزور ہونے والے تسلط سے سبق حاصل کر لینا چاہئیے تیونس اور مصر سمیت عالم اسلام میں پیدا ہونے والی بیداری امریکی فرعونیت کی تباہی کا باعث بن کر ابھر رہی ہے اور دنیا بہت جلد تیونس اور مصر کے بعد اب مراکش،بحرین ،یمن اور سعودی عربیہ کی امریکی غلام حکومتوں کے خلاف بھی عظیم انقلاب کا مشاہدہ کرے گی جو امریکی وصہیونی حکومتوں کی نابودی کا باعث ہو گا،رہنماؤںنے واضح کیا کہ بلیک واٹر دہشت گرد امریکی جاسوس اور تین معصوم پاکستانی شہریوں کے قاتل ریمنڈ ڈیوس کے خلاف پاکستان کے قانون کے تحت کاروائی کی جائے اور اسے کیفر کردار تک پہنچایا جائے،حکومت امریکی دباؤ کو مسترد کرتے ہوئے قومی عزت ووقار کو ملحوظ خاطر رکھے،پاکستان کے غیور عوام قومی خود مختاری پر کسی قسم کی آنچ نہیں آنے دیں گے اور اس حوالے سے کسی بھی قسم کی قربانی سے دریغ نہیں کیا جائے گا ،رہنماؤں نے مزید کہا کہ حکومت پنجاب امریکی حکمرانوں سے ساز باز کرنے سے باز رہیں ورنہ حکمرانوں کے لئے سنجیدہ نتائج برآمد ہوں گے۔اس موقع پر مظاہرین نے امریکا مردہ باد اور اسرائیل نامنظور کے زبر دست نعرے لگائے جبکہ امریکی و صہیونی پرچم بھی نذر آتش کئے گئے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button