بحرین، سرکردہ سیاسی رہنما شیخ علی سلمان کی فوری اور غیر مشروط رہائی کا مطالبہ
ذرائع کے مطابق بحرین کے عوام نے شبانہ مظاہروں کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے جمعرات کی رات ایک بار پھر مختلف شہروں کی سڑکوں پر مارچ کیا۔ مظاہرین نے اپنے ہاتھوں میں قومی پرچم اور سیاسی قیدیوں کی تصاویر اٹھا رکھی تھیں۔
مظاہرین، جمعیت وفاق ملی کے سربراہ شیخ علی سلمان اور ابراہیم شریف سمیت تمام سیاسی قیدیوں کی فوری رہائی کا مطالبہ کر رہے تھے۔
یہ مظاہرے ایسے وقت میں کئے گئے ہیں جب بحرین کی شاہی حکومت کی ایک نمائشی عدالت، آئندہ ماہ فروری میں شیخ علی سلمان کیس کی ایک بار پھر سماعت کرنے والی ہے۔ شیخ علی سلمان نے جمعرات کو ہونے والی سماعت کے دوران ایک بار پھر اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ عوامی حقوق کی بالادستی کی پرامن جدوجہد سے دستبر دار نہیں ہوں گے۔
واضح رہے کہ بحرین میں فروری دو ہزار گیارہ سے آل خلیفہ خاندان کی حکومت کے خلاف مظاہروں کا سلسلہ جاری ہے۔ بحرین کے عوام، ملک میں آزادی و جمہوریت اور انصاف و مساوات کے قیام کا مطالبہ کر رہے ہیں۔