بحرین میں ایک بار پھر آمریت مخالف مظاہرے
منامہ پوسٹ کے مطابق ، بحرین کے سب سے بڑے شہر عالی میں ہونے والے مظاہروں میں شریک لوگوں نے اپنے ہاتھوں میں ایسے پلے کارڈ اٹھا رکھے تھے جن پر انقلابیوں کے قاتلوں کو پھانسی دو کے نعرے درج تھے۔ مظاہرین کا کہنا تھا کہ وہ چودہ فروری کو انقلاب بحرین کی سالگرہ پر بھرپور طریقے سے احتجاج کریں گے۔ ایسے ہی مظاہرے کان اور بوری کے علاوہ بحرین کے دیگر شہروں میں بھی کئے گئے۔ مظاہرین کا کہنا تھا کہ وہ چودہ فروری کو سول نافرمانی کی تحریک کا آغاز کرنے والے ہیں۔ بحرین کے انقلابی گروہوں نے ملک میں جاری آمریت مخالف تحریک کی سالگرہ کے موقع پر عوام سے سول نافرمانی کی تحریک شروع کرنے کی اپیل کی ہے۔ بحرین کے عوام فروری دوہزار گیارہ سے ملک میں جمہوریت کے قیام، ناانصافیوں اور تعصبات کے خاتمے کے لیے تحریک چلا رہے ہیں۔ بحرین کی شاہی حکومت سعودی فوجیوں کے ساتھ مل کر ملک میں جاری عوامی تحریک کو کچلنے کی کوشش کر رہی ہے۔