شام: دمشق و حمص میں بم دھماکے 140افراد شہید
شام کے دارالحکومت دمشق اور حمص میں یکے بعد دیگرے خودکش بم دھماکوں میں شہداء کی تعداد 140 تک پہنچ گئی ہے جبکہ 170 سے زائد افراد زخمی ہوگئے ہیں حملے کی ذمہ داری وہابی دہشت گرد تنظیم داعش نے قبول کرلی ہے۔
ذرائع کے مطابق دمشق میں حضرت زینب سلام اللہ علیھا کے روضہ مبارک کے قریب کار بم دھماکے کے بعد یکے بعد دیگرے دو خودکش حملوں میں 96 افراد شہید ہوگئے ہیں جن میں بچے اور عورتیں بھی شامل ہیں ۔جبکہ حمص میں ہونے والے بم دھماکے میں بھی 44 سے زائد افراد شہید ہوگئے ہیں۔
وہابی دہشت گرد تنظیم داعش نے اپنی ویب سائٹ پر دارالحکومت دمشق اور حمص میں حملوں کی ذمہ داری قبول کرتے ہوئے کہا کہ اس کے دو خودکش دہشت گردوں نے سیدہ زینبؓ کے حرم کے قریب خود کو دھماکوں سے اڑایا، جبکہ دو نے حمص میں کار بم دھماکے کیے۔ شام کے لیے اقوام متحدہ کے خصوصی سفیر اسٹافن دی مِستورا نے حملوں کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔
دوسری جانب شامی حکومت نے بھی بم دھماکوں کی شددی الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ عالمی برادری کو ترکی اور سعودی عرب پر دباؤ ڈالنا چاہیے کہ وہ دہشت گردوں کی حمایت اور پشت پناہی بند کریں۔