شام میں دہشت گردوں کے خلاف جنگ جاری رہے گی، شامی فوج کا اعلان
شیعت نیوز؛شام کی مسلح افواج کے بیان میں تاکید کی گئی ہے کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں شامی فوج کی اہم کامیابیوں اور ملک میں قومی آشتی کے بڑھتے ہوئے عمل اور اسی طرح بعض محاذوں پر جنگ رکنے اور دہشت گردوں کے فرار ہوجانے کے بعد شام میں روسی فوجیوں کی تعداد میں کمی کے بارے میں شام اور روس کے درمیان مفاہمت، ایک فطری امر ہے۔ شامی فوج نے اعلان کیا ہے کہ شام میں روسی فوجیوں کی تعداد میں کمی کا فیصلہ دونوں ملکوں کے صدور کے درمیان ہم آہنگی سے ہوا ہے۔ ادھر روس کے وزیر دفاع نے اعلان کیا ہے کہ شام میں دہشت گردوں کے خلاف روسی فوج کی کارروائیوں میں ہزاروں کی تعداد میں دہشت گرد ہلاک ہوئے ہیں۔ روسی وزیر دفاع کے بیان کے مطابق شام میں گذشتہ سال تیس ستمبر سے شروع ہونے والی روسی فضائیہ کی کارروائیوں کے دائرے میں روسی لڑاکا طیاروں نے نو ہزار سے زائد بار پروازیں کیں اور دہشت گردوں کے دو سو نو ٹھکانوں پر ہونے والے حملوں میں دو ہزار سے زائد دہشت گرد ہلاک ہوئے جبکہ تیل منتقل کرنے کے لئے دہشت گردوں کے زیر استعمال دو ہزار سے زائد ٹرکوں اور آئل ٹینکروں کو تباہ کیا گیا اور نتیجے میں شامی فوج نے بھی چار سو شہروں اور دیہاتوں سے دہشت گردوں کا صفایا کرتے ہوئے دس ہزار سے زائد کلو میٹر پر مشتمل علاقوں پر اپنا کنٹرول حاصل کر لیا۔ دریں اثنا شام کے امور میں اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل کے نمائندے اسٹیفن دے مستورا نے کہا ہے کہ وہ تازہ امن مذاکرات کے مثبت نتائج کے بارے میں پرامید ہیں۔انھوں نے امن مذاکرات کے مثبت نتائج کی امید ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ مذاکرات کی ناکامی کی صورت میں دوربارہ جنگ ہو گی اور مزید تباہی پھیلے گی۔ شام کے امور میں اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل کے نمائندے اسٹیفن دے مستورا نے امید ظاہر کی ہے کہ فائر بندی کے نتیجے میں شامی عوام کو امداد پہنچانے کی راہ ہموار ہو گی۔