ایم ڈبلیو ایم اسلام آباد کے زیراہتمام ولادت حضرت امام رضا ع کے موقع پر جامع مسجد امام صادق ع میں تصویری نمائش:
تہذیبی اور ثقافتی ورثہ کے فن پاروں کی نمائش کا معائنہ کرتے ہوئے مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے اسے اسلامی تہذیب و ثقافت کے فروغ کے لئے ایم ڈبلیو ایم کے پلیٹ فارم سے اٹھایا جانے والا ایک احسن اقدام قرار دیا۔
سلام آباد:اسلام ٹائمز۔ مجلس وحدت مسلمین اسلام آباد کے زیراہتمام حضرت امام علی ابن موسیٰ الرضا ع کی ولادت باسعادت کی مناسبت سے
جامع مسجد امام صادق ع جی نائن ٹو میں ایک عظیم الشان تصویری نمائش کا اہتمام کیا گیا، تصویری نمائش کا افتتاح ایم ڈبلیو ایم اسلام آباد کے ضلعی سیکرٹری جنرل علامہ فخر علوی نے کیا، تصویری نمائش صبح ساڑھے دس بجے شروع ہوئی اور دن بھر جاری رہی، نمائش میں مختلف اقسام کے پچاس سے زائد فن پارے رکھے گئے، جن میں حضرت امام رضا ع کے روضہ مبارک کے گنبد، محراب اور مرکزی دروازے پر کی جانے والی نقاشی کے نمونہ جات سرفہرست ہیں، نمائش گاہ میں عوام کے جم غفیر نے خطاطی، فوٹو گرافی اور کیلی گرافی کے ان نادر نمونوں کا مشاہدہ کیا۔ نمائش دیکھنے کے لیے آنے والے افراد کو مجلس وحدت مسلمین کی جانب سے مختلف زبانوں کی کتب اور سی ڈیز کے تحائف دئے گئے۔
مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے تہذیبی اور ثقافتی ورثہ کے فن پاروں کی نمائش کا معائنہ کرتے ہوئے اسے اسلامی تہذیب و ثقافت کے فروغ کے لئے مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے پلیٹ فارم سے اٹھایا جانے والا ایک احسن اقدام قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ نادر فن پاروں کی یہ نمائش نسل نو کو مثبت سرگرمیوں کی جانب راغب کرنے میں انتہائی معاون و مددگار ثات ہو گی، انہوں نے توقع ظاہر کی ایم ڈبلیو ایم راولپنڈی اسلام آباد کے ذمہ داران اس سلسلہ کو جاری رکھیں گے۔ اس موقع پر ملک کے ممتاز منقبت خوان سید علی دیپ رضوی نے حضرت امام رضا ع کے حضور نذرانہ عقیدت پیش کیا۔