امریکی سینیٹر کی دمشق میں صدر بشار اسد کی مشیر سے ملاقات
صدر بشار اسد کی مشیر اطلاعات بثینہ شعبان نے دمشق میں امریکی سینیٹ کے رکن رچرڈ بلک سے ملاقات میں کہا ہے کہ دہشت گردی کا مقابلہ کرنے کے لیے ملکوں کے درمیان تعاون و ہم آہنگی اور مضبوط عزم و ارادے کی ضرورت ہے۔
بثینہ شعبان نے اس بات پر زور دیا کہ قوموں کو سب سے زیادہ نقصان دہشت گردی سے پہنچ رہا ہے اور اس لعنت کا مقابلہ کرنے کے لیے دہشت گردی کو برآمد کرنے والی سعودی عرب اور ترکی جیسی حکومتوں پر دباؤ ڈالنا چاہیے تاکہ وہ دہشت گردوں کی مالی، فوجی اور لاجیسٹک مدد ختم کر دیں۔
شام کے صدر کی مشیر اطلاعات نے مزید کہا کہ اس وقت دہشت گردی ایک عالمی خطرے میں تبدیل ہو گئی ہے اور قوموں کے نمائندوں اور حکام کو براہ راست اور میڈیا کے گمراہ کن پروپیگنڈے سے دور رہ کر حقائق کے بارے میں اطلاع اور آگاہی حاصل کرنی چاہیے کیونکہ بعض ذرائع ابلاغ خود انسانوں کے قتل عام اور جنگ کے پھیلنے کا سبب ہیں۔
امریکی سینیٹر رچرڈ بلک نے بھی اس ملاقات میں امریکی قوم کو شام اور علاقے کے موجودہ حالات سے آگاہ کرنے کے لیے صحافتی اور سیاسی اداروں کے تعاون کی اہمیت پر زور دیا۔