شام میں ایک سو سڑسٹھ دہشت گرد ہلاک
دہشت گرد جنوبی حلب کے مضافات میں فوج کے ساتھ شدید جھڑپوں کے دوران ہلاک ہوئے۔ شام کی فوج کو عوامی رضاکار فورس کی حمایت بھی حاصل تھی۔ دہشت گرد گروہ جبھۃ النصرہ کے قریبی اتحادی ایک اور دہشت گرد گروہ جیش الفتح کے قریبی ذرائع نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ ہلاک ہونے والے دہشت گردوں میں اس گروہ کے بیس سے زیادہ سرغنے بھی شامل ہیں۔
ان ذرائع کا کہنا ہے کہ ان جھڑپوں کے دوران دہشت گردوں کے پانچ ٹینک اور چونتیس گاڑیاں بھی تباہ ہوگئی ہیں۔
شام میں متحارب فریقوں میں صلح سے متعلق روسی مرکز کی رپورٹ کے مطابق شام کی فوج نے صوبہ حلب میں دہشت گرد گروہ النصرہ کا حملہ ناکام بنا دیا ہے۔ شام کے فوجی اس وقت صوبہ حلب سمیت مختلف محاذوں پر دہشت گردوں کے ساتھ جنگ میں مصروف ہیں۔ شام کی فوج نے رقہ شہر کے مضافات میں دو آئل فیلڈز الثورہ اور المساکین کو دہشت گرد گروہ داعش کے قبضے سے آزاد کرا لیا ہے۔ شامی فوجی صوبہ رقہ میں طبقہ ایئربیس کی جانب پیشقدمی کر رہے ہیں اور رصافہ شہر میں بھی انہوں نے دہشت گردوں کے مقابلے میں مزید کامیابیاں حاصل کی ہیں۔