کویت میں متعین ترکی کے ملٹری اتاشی، دمام کے ہوائی اڈے سے گرفتار
سعودی سیکورٹی حکام نے ترک حکومت کی درخواست پر بغاوت کی سازش میں ملوث ہونے کے الزام میں کویت میں متعین ترکی کے ملٹری اتاشی میکائیل اوغلو کو دمام کے ہوائی اڈے سے گرفتار کر لیا۔ بتایا جاتا ہے کہ ترک ملٹری اتاشی جرمنی جانے کا ارادہ رکھتے تھے۔ سعودی حکام کا کہنا ہے کہ ترک ملٹری اتاشی کو ترک حکومت کی درخواست پر گرفتار کیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ ترکی کے سرکاری ٹی وی کی طرف سے حکومت کا تختہ الٹنے میں ملوث شخصیات کے عہدوں کی جاری کی گئی تفصیلات میں کویت میں متعین ترکی کے ملٹری اتاشی کا نام بھی شامل ہے۔
درایں اثنا ترک حکومت نے ناکام فوجی بغاوت کے بعد دیگر شہروں سے بلائے گئے ڈیڑھ ہزار سے زیادہ کمانڈوز کو استنبول میں تعینات کر دیا ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ اسپیشل فورسز کے یہ دستے استنبول میں گشت کر رہے ہیں اور ان کو حکم دیا گیا ہے کہ کوئی بھی ہیلی کاپٹر نظر آئے تو اس کو مار گرایا جائے۔ مبصرین کا کہنا ہے کہ فوجی بغاوت کی ناکامی کے باوجود خطرہ پوری طرح سے نہیں ٹلا ہے۔