تفتان بارڈر پر حکومتی اقدامات سے زائرین کی تعداد میں اضافہ
شیعہ نیوز )پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ( ایرانی سرحد پر پاکستان کے سکیورٹی سے متعلق اقدامات اور امیگریشن کی فراہمی کے مثبت نتائج سامنے آنے لگے۔ تفتان بارڈر سے زیارتوں کیلئے ایران جانے والے پاکستانیوں کی تعداد میں خاطر خواہ اضافہ ہوا ہے۔ وزرات داخلہ کو موصول ہونے والی رپورٹ کے مطابق محرم اور سفر کے اسلامی ماہ میں ریکارڈ 75000 پاکستانیوں نے ایران میں زیارتیں کیں۔
زائرین کی سہولت کیلئے ایف آئی اے امیگریشن کے 20 نئے کاونٹر بھی تعمیر کئے گئے ہیں، زائرین کے لئے داخلی اور خارجی راستوں پر خار دار تاریں لگا کر محفوظ بنایا گیا ہے۔ اس کے علاوہ ایف آئی اے کی نئی بلڈنگ میں پینے کے صاف پانی، بجلی اور صفائی کے بھی خصوصی انتظامات کئے گئے ہیں۔ نئی فورس کو سکیورٹی کی صورتحال میں بہتری اور ترقیاتی کاموں کی نگرانی کی ذمہ داری سونپی گئی تھی۔
واضح رہے کہ وزیر مملکت برائے داخلہ شہریار آفریدی نے 8 ستمبر اور 24 اکتوبر کو تفتان بارڈر کا دورہ کیا تھا اور تفتان ٹاسک فورس تشکیل دی تھی۔ ماضی میں کوئٹہ بلوچستان کے راستے سے ایران جانے والے زائرین کو سکیورٹی خدشات لاحق رہتے تھے، جس کے باعث زائرین کی تعداد میں کمی دیکھنے میں آرہی تھی۔ اس سے قبل 2 ستمبر 2018ء کو وزیراعظم عمران خان نے کہا تھا کہ ایران اور عراق جانے والے زائرین کی مکمل سکیورٹی حکومت کی ذمہ داری ہے، انہوں نے 48 گھنٹوں میں سکیورٹی کا جامع پلان بنانے اور امیگریشن کاﺅنٹرز کی تعداد میں اضافے کی ہدایت کی تھی۔