امید کرتا ہوں نئے چیف جسٹس لاپتہ افراد کی بازیابی میں اپنا کردار ادا کریں گے، علامہ ناظر تقوی
شیعہ نیوز )پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ( پاکستان کے 26ویں چیف جسٹس کا حلف اٹھانے والے آصف سعید کھوسہ کو ایم ایم اے کے صوبائی جنرل سیکرٹری اور شیعہ علماء کونسل صوبہ سندھ کے صدرعلامہ ناظرعباس تقوی نے مبارکباد پیش کرتے ہوئے نیک تمنائوں کا اظہار کیا ہے۔
علامہ ناظر تقوی کا کہنا تھا کہ ہم امید کرتے ہیں کہ نئے چیف جسٹس آف پاکستان مملکت خداداد پاکستان میں آئین اور قانون کے نفاذ اور اس کی بالادستی کے لئے اپنی صلاحیتوں کو بروئے کارلاتے ہوئے ملک کو موجود چیلنجز اور بحران سے نکالنے میں اپنا بھرپور کردار ادا کریں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کا بنیادی مسئلہ رول آف لاء کا نفاذ ہے، رول آف لاء کے ذریعے ہی ملک کے محروم طبقے کو انصاف مل سکتا ہے۔
علامہ ناظر عباس تقوی کا مزید کہنا تھا کہ گزشتہ کئی سالوں میں پاکستان میں سینکڑوں لوگ بے گناہ شہید کئے گئے جبکہ اُن کے لواحقین آج تک انصاف کی تلاش میں عدالتوں کے چکر لگا رہے ہیں، امید کرتے ہیں اُن کو جلد از جلد انصاف دیا جائے گا اور لاپتہ افراد کی بازیابی میں بھی جسٹس آصف کھوسہ اپنا بھرپور کردار ادا کریں گے۔