پاکستانی شیعہ خبریں
پنجاب یونیورسٹی میں جمعیت کے غنڈوں کی نہتے طلبہ پر فائرنگ افسوسناک ہے، علامہ عبدالخالق اسدی
ایم ڈبلیو ایم پنجاب کے رہنماؤں نے کہا کہ ہم آئی ایس او کے نہتے طلبہ کے ساتھ اظہار یک جہتی کرتے ہیں، پنجاب حکومت یونیورسٹی کے ہاسٹلز میں موجود اسلحہ ڈپوؤں کے خلاف کارروائی کرئے اور یونیورسٹی کا پرامن ماحول خراب کرنیوالے دہشتگرد عناصر کی سرکوبی کی جائے۔
مجلس وحدت مسلمین پنجاب کے سیکرٹری جنرل علامہ عبدالخالق اسدی اور مرکزی رہنما علامہ اظہر حسن کرڑ نے پنجاب یونیورسٹی میں جمعیت کے غنڈوں کی جانب سے آئی ایس او پاکستان کے نہتے کارکنوں پر فائرنگ اور پتھراؤ کی پرزور انداز میں مذمت کی ہے۔ رہنماؤں نے ’’اسلام ٹائمز‘‘ سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جمعیت نے یونیورسٹی کو باپ کی جاگیر سمجھ رکھا ہے اور ان غنڈوں کو جماعت اسلامی نے اپنے مخصوص مقاصد کے پال رکھا ہے، جو جماعت کی سرپرستی میں مجرمانہ کارروائیوں کے مرتکب ہوتے ہیں۔ علامہ عبدالخالق اسدی نے کہا کہ آئی ایس او کی جانب سے پہلے ہی ان خدشات کا اظہار کیا جا رہا تھا جس کے لئے طلبہ رہنماؤں نے جماعت اسلامی کے مرکزی سیکرٹری جنرل لیاقت بلوچ سے بھی بات کی تھی جس میں لیاقت بلوچ نے اپنے مکمل تعاون کی یقین دہانی کروائی تھی لیکن جب پروگرام کا وقت آیا تو جمعیت کے غنڈوں نے ہلہ بول دیا اور نہتے معصوم طلبہ پر تشدد کیا۔
علامہ اسدی نے کہا کہ یونیورسٹی انتظامیہ سکیورٹی کے بلند بانگ دعوے کرتی ہے لیکن سوال یہ ہے کہ جمعیت کے غنڈوں کے پاس یونیورسٹی کے حدود میں اسلحہ کہاں سے آ گیا۔ انہوں نے کہا کہ نہتے طلبہ پر فائرنگ سے ثابت ہو گیا ہے کہ یونیورسٹی کے ہاسٹلز جمعیت اور جماعت اسلامی کے اسلحہ ڈپو ہیں۔ انہوں نے وائس چانسلر پنجاب یونیورسٹی اور گورنر پنجاب سے سے اپیل کی ہے کہ یونیورسٹی میں بڑے پیمانے پر آپریشن کیا جائے اور جن ہاسٹلز میں اسلحہ کے ڈپو ہیں ان کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے۔
اس موقع پر علامہ اظہر حسن کرڑ نے کہا کہ یونیورسٹی انتظامیہ نے آئی ایس او کو باقاعدہ اجازت دی تھی کہ وہ یوم حسین ع کی مناسبت سے پروگرام کریں، لیکن جمعیت کے غنڈوں نے عین موقع پر آ کر امام حسین ع کی شان میں بھی گستاخانہ نعرے لگا کر اپنی رگوں میں یزیدی خون ہونے کا ثبوت دے دیا۔ انہوں نے کہا کہ جماعتی غنڈوں نے ثابت کر دیا کہ ان کا اسلام کے ساتھ دور کا بھی کوئی تعلق نہیں، آج کی اس حرکت سے جماعت اسلامی کے نام نہاد اسلام کا چہرہ بے نقاب ہو گیا ہے۔
رہنماؤں نے طلبہ سے پرامن رہنے کی تلقین کی اور کہا کہ آئی ایس او پاکستان کا ماضی گواہ ہے کہ آئی ایس او پاکستان نے ہمیشہ تعلیمی اداروں میں ماحول کو پرامن رکھا ہے اور آج بھی یونیورسٹی کی پرامن فضا کو جمعیت کے غنڈوں نے آ کر خراب کیا ہے۔ رہنماؤں نے آئی ایس او پاکستان کے کارکنوں کے ساتھ مکمل اظہار یک جہتی کرتے ہوئے کہا کہ مجلس وحدت مسلمین بھی تین روزہ سوگ کا اعلان کرتی ہے اور ملک بھر میں اپنے کارکنوں کو ہدایت دی جاتی ہے کہ وہ تین روزہ سوگ میں جمعیت کی غنڈہ گردی کے خلاف احتجاج کریں۔
رہنماؤں نے کہا کہ ہم نے ایک وفد تشکیل دیا ہے جو جلد وائس چانسلر پنجاب یونیورسٹی سے ملاقات کرئے گا اور یونیورسٹی میں اسلحہ کے ذخیرہ اور دہشتگردانہ کارروائیوں میں جمعیت کے ملوث ہونے بارے تبادلہ خیال کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ ہم پنجاب یونیورسٹی انتظامیہ کے تعاون کے شکر گزار ہیں اور وائس چانسلر کے یونیورسٹی میں تعلیمی اقدامات پر خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔