مشرق وسطی
بحرین کی شاہی حکومت کی مخالفت پر ضعیف العمر شخص کو قید کی سزا
بحرین کی شاہی حکومت کی نمائشی عدالت نے علی احمد ناصر نامی ضعیف العمر شخص کو سیکورٹی فورس کے ہاتھوں شہید ہونے والے نوجوان کے جلوس جنازہ میں شرکت کے الزام میں سات سال قید کی سزا کا حکم دیا ہے۔ مذکورہ نوجوان کافی عرصے سے جیل میں بند تھا اور بحرین کی شاہی حکومت کے سیکورٹی اہلکاروں کے تشدد کے نتیجے میں اس کی موت واقع ہو گئی تھی۔ بحرین میں انسانی حقوق کے دفاع کے لئے کام کرنے والی ایک امریکی تنظیم نے اس فیصلے کو ظالمانہ قرار دیا ہے۔ انسانی حقوق کی تنظیم کے بیان میں بحرینی عوام کے پرامن مظاہروں کو دبانے کے لئے طاقت کے استعمال اور انسانی حقوق کے کارکنوں کے خلاف سرکاری کریک ڈاؤن کی بھی مذمت کی گئی ہے۔ واضح رہے کہ بحرین میں فروری دو ہزار گیارہ سے عوامی تحریک جاری ہے اور اس ملک کے عوام، سیاسی اصلاحات اور سماجی انصاف کا مطالبہ کر رہے ہیں۔