کراچی، آئی ایس او کے زیر اہتمام برسی شہید ڈاکٹر نقوی و شہید سبط جعفرکا انعقاد
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان کراچی ڈویژن کے تحت شہید ڈاکٹر محمد علی نقوی اور شہید استاد سبط جعفر زیدی کی برسی کی مناسبت سے یادِ شہداء سیمینار کا انعقاد جعفر طیار سوسائٹی میں کیا گیا۔ سیمینار میں مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد سمیت عوام کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ سیمینار میں دختر شہید ومجلس وحدت مسلمین کی رکن پنجاب اسمبلی سیدہ زہراء نقوی، مولانا شبیر بخاری، مولانا نسیم حیدر زیدی، مجلسِ وحدت مسلمین کراچی ڈویژن کے رہنما علامہ مبشر حسن نے شرکت کی۔
اس موقع پر مقررین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ شہید ڈاکٹر محمد علی نقوی نے اپنی جان کا نذرانہ دے کر پاکستان کی نظریاتی و جغرافیائی سرحدوں کی حفاظت کی، شہید نے ہمیشہ حق و سچ کا ساتھ دیا، ہمیں شہید کی زندگی سے ہمت، حریت، جاذبیت، استقامت، شجاعت، محبت، اطاعت کا درس ملتا ہے۔
مقررین کا کہنا تھا کہ شہداء کی زندگی ہمارے لئے مشعلِ راہ ہے، شہید استاد سبط جعفر نے اپنی پوری زندگی علم کی شمع کو روشن رکھنے اور اسے مزید فروغ دینے میں گزار دی، شہید اپنے دور کے مسیحا تھے کہ جو ہر وقت خدمتِ خلق کے لئے آمادہ و تیار رہتے تھے اور شہید کی شخصیت ایک ہمہ جہت شخصیت تھی، جو بہادری اور عجز و انکساری سے بھرپور تھی۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم نے پاکستان زندہ باد کا نعرہ ہمیشہ بلند کیا اور کرتے رہیں گے، مگر پاکستان کی سلامتی و استحکام کی فکر کرنا شاید ہمارا جرم تھا کہ ہمیں شہید بھی کیا گیا اور پابندِ سلاسل بھی کیا گیا، اسیری و شہادت ہمارا ورثہ ہے اور ہمیں اس پر افتخار حاصل ہے۔
پروگرام میں شہید کی زندگی پر مبنی ٹیبلو بھی پیش کیا گیا جس میں شہید کی زندگے کے مختلف پہلوؤں سمیت ملت کیلیے شہید کی خدمات کو اجا گر کیا گیا۔