آہ ! شہید استاد سبط جعفر کو بچھڑے 6 سال بیت گئے
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) دنیائےسوزخوانی کا درخشاں ستارہ ،عالمی شہرت یافتہ شاعر استاد سید سبط جعفرزیدی ؒ کو بچھڑے آج 6برس بیت گئے ، لیکن ان کی یاد ، ان کے اشعار ، ان کی آواز آج بھی ان کے مداحوں کے کانوں میں گونج رہی ہے۔
شہید کے ہزاروں شاگرد ترویج عزاداری اور سوزخوابی کے ان کے مشن کی تکمیل کے لئے اب بھی رات دن کوشاں ہیں اور ان شہید استاد کی تعلیمات اور ان کے فکر وفلسفے کی روشنی میں سوزخوانی کی صنف کو زندہ رکھے ہوئے ہیں،واضح رہے کہ شہید استاد سبط جعفرزیدی ؒ کا شماردنیا کے نامور اردو شعراءاور سوزخوانوں میں ہوتاہے،شہید استاد سبط جعفرزیدی سوزخوانی کے ساتھ ساتھ سلسلہ تدریس سے بھی وابستہ تھے۔
شہید استادکوچھ برس قبل 18مارچ 2013کوتکفیری دہشت گردوں نے اس وقت فائرنگ کرکے شہید کیا تھا جب وہ تدریس علم کے فرائض کی انجام دہی کے بعد گورنمنٹ کالج فار مین قاسم آباد لیاقت آباد سے بذریعہ موٹر سائیکل اپنے گھر جارہے تھے کہ گھات لگائے تکفیری دہشت گردوں ان پر خودکار ہتھیاروں سے گولیوں کی بوچھاڑکردی جس سے وہ موقع پر ہی جام شہادت نوش کرگئے ،انہیں تقریباً12گولیاں لگیں،شہید استاد سبط جعفرزیدی نےگورنمنٹ کالج فار مین قاسم آباد لیاقت آبادلیکچرارکی حیثیت سے طویل عرصہ تک اپنی ذمہ داریاں انجام دیں بعد ازاں گریڈ 21میں ترقی پاکراسی کالج کے پرنسپل مقررہوئے لیکن تادم شہادت پرنسپل کی نشست پر کبھی تشریف آور نا ہوئے ۔
امروہہ گراؤنڈ انچولی سوسائٹی میں ان کا عظیم الشان نمازجنازہ کا اجتماع منعقد ہواجس میں ہزاروں کی تعدادمیں ان کے چاہنے والوں، علمائے کرام،ذاکرین عظام، شعراء، منقبت خوانوں، نوحہ خوانوں ، سیاسی وسماجی شخصیات اور تمام شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والوں نے شرکت کی اور ان کا جسد خاکی ایک بڑے جلوس کی شکل میں قبرستان وادی حسینؑلیجایا گیا جہاں انہیں ہزاروں چاہنے والوں کی آہوں اور سسکیوں میں سپردلحد کردیا گیا۔
شیعہ نیوز نیٹ ورک اپنے تمام قارئین سے شہید استاد سبط جعفر زیدی سمیت تمام شہدا ملت جعفریہ کے ایصال ثواب کیلیے سورہ فاتحہ کی التماس کرتا ہے۔