بعثت رسول اساس دین اور تحرک کا نام ہے، علامہ جواد نقوی
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) جامعہ عروۃ الوثقیٰ کے سربراہ علامہ سید جواد نقوی کہا ہے کہ بعثت رسول اساس دین اور تحرک کا نام ہے، جو اہل اسلام کیلئے یوم عظیم ہے، اعلان نبوت سے اصحاب رسول نے پوری دنیا کو کلمہ پڑھوایا اور خواب غفلت سے جگایا، بعثت رسول کو سمجھنے والے علمائے دین امام خمینی اور شہید مطہری بنتے ہیں اور اگرعالم دین میں جمود ہو تو پوری امت سو جاتی ہے۔ علامہ اقبال کو قرآن مجید کی ہدایت نے فکری طور پر متحرک کر دیا تھا اور ان کے فلسفے کے مطابق بعثت رسول اور توحید زندہ کو نئے سرے سے سمجھنے کی ضرورت ہے۔ شاعر مشرق نے اپنی مثنوی میں توحید و نبوت کو زندہ قوت قرار دیا ہے۔
لاہور میں مسجد بیت العتیق میں جشن عید مبعث رسول کے حوالے سے خطاب کرتے ہوئے علامہ جواد نقوی نے کہا کہ بعثت رسول اور ذات گرامی ختم المرسلین روح دین ہے۔ پیغمبر اکرم کی تعلیمات انسان میں رشد و نمو، حرکت، تکمیل انسانیت اور ارتقاء پیدا کرتی ہیں، بعثت رسول اسلامی تعلیمات اور معرفت دین ہے، جن تعلیمات میں نمو نہیں نہیں وہ اسلامی نہیں کہلا سکتیں۔
علامہ سید جواد نقوی نے کہا کہ بعثت رسول وحی الہی کے آغاز سے ہوتی ہے مگر ہم نے اس عظیم دن کو بھلا دیا ہے عقیدتمندی میں ہم نے رسول اللہ کی زندگی کے ہر پہلو پر شاعری بھی کی اور ان کی ولادت باسعادت کے حوالے سے عیدمیلادالنبی بھی بھر پور انداز سے مناتے ہیں مگر بعثت رسول پر ہمیں کچھ نظر نہیں آتا، جس سے لگتا ہے کہ ہم بھلا چکے ہیں۔