ہر شیعہ نوجوان پر واجب ہے وہ امام زمانہؑ کی نصرت کیلیے خود کو تیار کرے، محسن اصغری
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) اصغریہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان کے مرکزی صدر محسن علی اصغری نے کہا ہے کہ اصغریہ نے شیعوں کا نقشہ تبدیل کیا، شیعہ کی اصل صورتحال اور تصور انسانوں میں لے آئی، تنظیم نے انسانوں کو بیدار کیا ہے، اصغریہ دینی تعلیم کے ساتھ دنیاوی تعلیم بھی دیتی ہے، جب امام زمانہ (عج) کا ظہور ہوگا، تو اس وقت ان افراد کی بھی ضرورت ہوگی، جن کا دنیاوی تعلیم سے ربط ہوگا، اس لئے اپنی صلاحتیوں کو بڑھائیں۔
اپنے ایک بیان میں محسن علی اصغری نے کہا کہ ہمارے معاشرے میں دین اور تعلیم کا معمول نظام نہیں ہے، ہر شیعہ نوجوان پر واجب ہے کہ وہ کم سے کم یونیورسٹی تک پہنچے۔ انہوں نے کہا کہ سندھ کی سرزمین، سرزمین اہلبیتؑ ہے، یہاں محب اہلبیتؑ بستے ہیں۔ انہوں نے کہ کہا کہ اصغریہ کربلا کے اس ننھے شش ماہ کے بچے کے نام سے منسوب ہے، جس نے مولا حسینؑ کی ھل من کی صدا پر سب سے پہلے لبیک کہا تھا اور لبیک کہہ کر میدان جنگ میں آئے اور دشمن وقت سے بیزاری اختیار کرتے ہوئے شہادت حاصل کی۔
محسن علی اصغری نے کہا کہ اس وقت اصغریہ کے نوجوان کی بھی یہ ذمہ داری ہے کہ اپنے وقت کے امامؑ کی مدد کیلئے تیار رہیں، امامؑ کی صدا پر لبیک کہیں اور وقت کے یزید کے سامنے میدان جنگ میں برسرپیکار آئیں اور اسے للکاریں۔ انہوں نے کہا کہ میں تمام اصغری کارکنان سے گزارش کرتا ہوں کہ اپنا کردار ایسا بنائیں کہ امامؑ خود کہیں کہ میرے سپاہی ایسے ہوتے ہیں، اپنا کردار ایسا بنائیں کہ جب لشکر امام زمانہؑ تیار ہو، تو آگے آگے اصغریہ کے نوجوان ہوں۔ انہوں نے کہا کہ جب وطن عزیز اور ملت پر کوئی مشکل آئے، تو آگے آگے اصغریہ کے نوجوان ہوں، تاکہ دنیا کو معلوم ہوسکے کہ آئمہ طاہرینؑ کے حقیقی ماننے والے کسی سے نہیں ڈرتے اور یزید وقت کو شکست دینے کی طاقت رکھتے ہیں۔