خط ولایت فقیہ سے تمسک کامیابی کا سب سے بڑا راز ہے، علامہ ناصر عباس جعفری
ایم ڈبلیو ایم پاکستان کے سیکرٹری جنرل کا دمشق میں خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ بیس سال کے عرصے کے بعد شہید عارف حسینی کی فکر رکھنے والے علماء نے انہی کے نہج پر دوبارہ کام کرنا شروع کیا اور مجلس وحدت وجود میں آئی۔
دفتر خارجہ ایم ڈبلیو ایم، دمشق سے جاری کردہ ایک اخباری بیان کے مطابق ایم ڈبلیو ایم کے سیکرٹری جنرل علامہ ناصر عباس جعفری نے دمشق میں علماء کرام کے ایک اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان اسلام کے نام پر وجود میں آیا ہے اور اس ملک کے بنانے اور سنوارنے میں ملت تشیع کا بہت بڑا کردار رہا ہے۔ جبکہ مخالفین اس وقت بانی پاکستان قائداعظم کو کافر اعظم کہتے تھے۔ پاکستان بننے سے ضیاءالحق کے دور تک پاکستان کے مسلمان سکون سے رہے، لیکن ضیاء دور میں وطن عزیز میں دہشتگردی، اسلحہ اور مذہبی انتہا پسندی کو تقویت ملی اور ملک میں فرقہ واریت کی لعنت پھیلی۔ اس پورے دور میں شیعوں نے اپنے آپ کو مسلسل سیاسی میدان سے دور رکھا جو تمام مسائل کی جڑ بنی اور شیعہ سیاست دان مختلف سیکیولر، اشتراکی اور غیر مذہبی جماعتوں میں چلے گئے اور دین و سیاست کے درمیان موجود یہ خلیج بڑھتا چلا گیا۔
ایران میں انقلاب اسلامی کی کامیابی نے اسلام کی روح کو ایک تازگی بخش دی ہے اور اسلام دوبارہ غدیر کے مقام پر جا کھڑا ہوا۔ اس انقلاب کا اثر پوری دنیا میں پھیلا، جبکہ پاکستان میں شہید عارف حسین الحسینی فکر امام خمینی رہ اور انقلاب اسلامی کے حقیقی وارث تھے، شہید عارف حسینی امام خمینی رہ کے لئے پاکستان میں مالک اشتر کی حیثیت رکھتے تھے، لیکن بہت جلد عارف حسینی شہید ہو گئے۔ شہید عارف حسینی کی شہادت کے بعد اک دفعہ شیعہ پھر متفرق ہو گئے جبکہ سعودی عرب، امریکہ اور دوسری استحصالی طاقتوں نے پاکستان میں شیعوں کو کمزور کرنا شروع کیا۔ شیعہ علماء اور مختلف میدانوں میں کام کرنے والوں کو چن چن کے مارنا شروع کر دیا گیا۔
بیس سال کے عرصے کے بعد شہید عارف حسینی کی فکر رکھنے والے علماء نے انہی کے نہج پر دوبارہ کام کرنا شروع کیا اور مجلس وحدت مسلمین وجود میں آئی۔ مجلس وحدت پاکستان میں شیعوں کو آپس میں متحد کرنے کے لئے کام کر رہی ہے، شیعوں کو سیاسی، اجتماعی اور اقتصادی حوالوں سے مضبوط کرنے کے لئے کام کر رہی ہے۔ سیکرٹری جنرل نے مزید کہا کہ لبنان میں حزب اللہ کی کامیابی کا راز ولایت فقیہ سے تمسک ہے اور یہی طریقہ اپنا کر ہم کامیابی حاصل کر سکتے ہیں۔ اس سال کو مجلس نے میدان میں نکلنے کا قرار دیا ہے اور اب تک مختلف شہروں میں بڑے بڑے اجتماعات ہو چکے ہیں۔
انکا کہنا تھا کہ کراچی میں ہمارے اجتماع میں لاکھوں لوگوں نے شرکت کی۔ اور ان انشاءاللہ شہید عارف حسینی کی برسی کے حوالے سے یکم جولائی کو مینار پاکستان پر ملت تشیع پاکستان کا سب سے بڑا اجتماع ہو گا، اور وہی جگہ ہے جہاں شہید عارف حسینی نے شہید ہونے سے کچھ عرصہ پہلے ہی قرآن و سنت کانفرنس کی تھی۔ ظہرانے کے پروگرام میں شام میں مقام معظم رہبری کے نمائندہ آیت اللہ سید مجتبٰی حسینی کے علاوہ، نمائندہ سفارت ایران، مختلف مراجعین کے نمائندگان اور سیدہ زینب س میں موجود علماء کرام کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔