آئی ایس او پاکستان کے مرکزی صدر رحمان شاہ مستعفی ہو گئے
امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان کے مرکزی صدر رحمان شاہ نے آج اپنی صدارت کے عہدے سے استعفیٰ دے دیا ہے۔شیعت نیوز کے نمائندے کی رپورٹ کے مطابق امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان کے سال ۲۰۱۲ کے مرکزی صدر رحمان شاہ نے اپنی نجی مصروفیا ت کے باعث تنظیم کی ذمہ داریوں سے معذرت کر لی ہے۔
امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان کی مرکزی کابینہ اورمستعفی مرکزی صدر رحمان شاہ کی کابینہ کے مرکزی سینئر نائب صدر علی رضا شریف نے شیعت نیوز کے نمائندے سے بات چیت کرتے ہوئے بتایا ہے کہ امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان کے مرکزی صدر رحمان شاہ مستعفی ہو گئے ہیں اور انہوں نے اپنا استعفیٰ مرکزی نظارت کو پیش کر دیا ہے جسے مرکزی نظارت نے منظور کر لیا ہے۔مرکزی سینئر نائب صدر علی رضا شریف
کاکہنا تھا کہ رحمان شاہ نے آئی ایس او پاکستان کی مرکزی صدارت کے عہدے سے مستعفی ہونے کی وجوہات میں اپنی نجی مصروفیات کو بتاتے ہوئے آئی ایس او پاکستان کی مرکزی نظارت سے استعفیٰ منظور کرنے کی درخواست کی تھی جس پر مرکزی نظارت نے ان کا استعفیٰ قبول کر لیا ہے۔
واضح رہے کہ آئی ایس اوپاکستا ن کے مرکزی صدر کے مستعفی ہونے کے بعد مرکزی کابینہ بھی تحلیل ہو چکی ہے تاہم موصولہ اطلاعات کے مطابق آئی ایس او پاکستان کی مرکزی نظارت نئے نگراں اور ذمہ دار کا جلد اعلان کرے گی۔