منبر و محراب میں دوری کی استعماری سازش کو ناکام بنا دیں گے۔ ذاکر اہلبیت (ع) گلفام ہاشمی
منبر و محراب میں دوری کی استعماری سازش کو ناکام بنا دیں گے ان خیالات کا اظہار معروف ذاکر اہلبیت علیھم السلام گلفام ہاشمی نے ایک ذاکرین کے وفد کے ہمراہ مرکزی سیکریٹری جنرل مجلس وحدت مسلمین علامہ راجہ ناصر عباس جعفری سے ملاقات میں کیا۔تفصیلات کے مطابق معروف ذاکرین کے ایک وفد نے علامہ راجہ ناصر عباس جعفری سے جناب گلفام ہاشمی کی قیادت میں ملاقات کی ، وفد میں معروف ذاکر شوکت رضا شوکت، علامہ ریاض شاہ، معروف شیعہ رہنما حیدر علی مرزا اور میجر ریٹائرڈ ریاض شامل تھے۔
علامہ راجہ ناصر عباس جفری نے وفد سے ملاقات میں کہا کہ مجلس وحدت مسلمین علی علیہ السلام کے ماننے والوں کی جماعت ہے، پاراچنار سے لیکر کراچی تک مجلس وحدت مسلمین شیعوں کے حقوق کیلئے آواز بلند کررہی ہے اور ہم ملت تشیع کو ایک لڑی میں پرو دینا چاہتے ہیں۔ علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے کہا کہ پہلی جولائی کی قرآن و سنت کانفرنس مینار پاکستان پر ملت تشیع کا تاریخی اجتماع ہوگا اور ملت تشیع کے مستقبل کے لئے انتہائی کارگر ثابت ہوگا، انہوں نے کہا قرآن و سنت کانفرنس ملت تشیع کی بیداری، طاقت اور وحدت کا مظہر ہوگا۔ علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے کہا کہ پاکستان کا شیعہ بیدار ہے اور اس بات سے دشمن بھی نالاں ہے۔علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے کہا کہ ملت تشیع کی بیداری میں ذاکرین کا ایک اہم کردار ہے اور مجلس وحدت مسلمین نے کراچی میں قرآن و اہلبیت علیھم السلام کانفرنس سے لیکر فیصل آباد، ملتان، بھکر، اسکردو، جھنگ میں جلسوں نے اس بات کو ثابت کیا ہے کہ ملت تشیع کا ہر فرد خاص طور پر ذاکرین وحدت ملت کے اس سفر میں پوری قوم کے شانہ بشانہ ہیں۔
ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے ذاکر اہلبیت علیھم السلام گلفام ہاشمی نے کہا کہ منبر و محراب کو دور کرنے کی استعماری سازش کو ہم ملکر ناکام بنا دیں گے، انکا کہنا تھا کہ منبر و محراب میں دوری کے نظریہ کے حامی شیعہ نہیں ہوسکتے ، انہوں نے ذاکرین کی نمائندگی کرتے ہوئے قرآن و سنت کانفرنس کی بھر پور حمایت کا اعلان کیا اور شرکت کی بھی یقین دہانی کرائی۔جناب گلفام ہاشمی نے کہا کہ ملت کے سفر بیداری میں ذاکرین انشاءاللہ اپنا کردار ادا کریں گے اور دشمن کی سازشوں کو بے نقاب کریں گے۔
ملاقات میں مجلس وحدت مسلمین کے سیکریٹری امور خارجہ مولانا شفقت شیرازی اور صوبہ ہنجاب کے سیکریٹری جنرل مولانا عبد الخالق اسدی بھی موجود تھے۔