کراچی پولیس کی شیعہ مظاہرین پر آنسو گیس شیلنگ ، ہوائی فائرنگ
کراچی میں منگل کے روزپولیس نے پر امن شیعہ مظاہرین کومنتشر کرنے کے لئے احتجاجی ریلی کے شرکاء پر آنسو گیس شیلنگ اور ہوائی فائرنگ کی ہے۔ یہ مظاہرین ایک خبر رساں شیعہ ویب سائٹ پر تین روز قبل عائد کی جانے والی پابندی کے خلاف احتجاج کے لئے جمع ہوئے تھے۔
شیعت نیوز کے نمائندے مطابق احتجاجی ریلی محفل شاہ خراساں سے نکالی جانی تھی اور ایم اے جناح روڈ پر اسے ختم ہونا تھا۔ پولیس اور رینجرز کی بھاری تعداد وہاں تعینات کی گئی تھی۔ جیسے ہی ریلی کے شرکاء نے نمائش چورنگی کی طرف حرکت کی، پولیس اور رینجرز نے ان کی کوشش ناکام بنانے کے لئے آنسو گیس کی شدید شیلنگ کرنے کے ساتھ ساتھ ہوائی فائرنگ بھی کی۔
تازہ ترین اطلاعات کے مطابق پولیس اور رینجرز نے ۲۰ سے زائد جوانوں کو گرفتار بھی کیا ہے۔ ریلی کے قائدین میں معروف شیعہ رہنما اور عالم دین علامہ مرزا یوسف حسین اور معروف ذاکر اہلبیتؑ علامہ آفتاب حیدر جعفری بھی شامل ہیں ۔ انہوں نے پرامن ریلی پر فائرنگ ، شیلنگ اور بیگناہ جوانوں کی گرفتاریوں کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پولیس اور رینجرز کی شیلنگ اور فائرنگ کے نتیجے میں محفل شاہ خراساں مسجد و امام بارگاہ کا تقدس بھی پامال ہوا ہے۔