کراچی میں فائرنگ، راہ امام (رہ) فاؤنڈیشن کے سربراہ ساجد کاظمی شہید
کراچی میں فائرنگ سے راہ امام (رہ) فاؤنڈیشن کے سربراہ ساجد حسین کاظمی ولد دلدار کاظمی شہید ہوگئے، تفصیلات کے مطابق سید ساجد حسین کاظمی کو نامعلوم دہشت گردوں نے لسبیلہ کے مقام پر فائرنگ کا نشانہ بنایا، شہید ساجد حسین کو سر میں دو گولیاں لگیں، جس کی تاب نہ لاتے ہوئے وہ داعی اجل کو لبیک کہہ گئے۔ واقعہ کے بعد شہید کی میت کو عباسی شہید ہسپتال منتقل کیا گیا، جہاں قانونی کارروائی کے بعد لاش ورثاء کے حوالے کی گئی۔ بعد ازاں شہید ساجد حسین کی میت کو امام بارگاہ رضویہ سوسائٹی فیز 1 لایا گیا، جہاں سوگواران کی بڑی تعداد موجود تھی۔ اس موقع پر شہر قائد کی ایک بڑی سیاسی جماعت کے کارکنان نے جنازہ میں موجود شرکاء سے بدتمیزی کی اور ان پر فائرنگ کی، جس میں علاقہ میں موجود افراد اور شہید کے لواحقین نے سخت احتجاج کیا۔
شہید کی نماز جنازہ آج بعد نماز ظہرین مولانا منور علی نقوی کی اقتداء میں رضویہ میں ادا کی جائے گی۔ واضح رہے کہ شہید ساجد حسین کو اس وقت دہشت گردوں نے نشانہ بنایا جب وہ اورنگی ٹاؤن کے بعض مقامات میں مستحقین میں تنہا راشن تقسیم کرکے گھر واپس آرہے تھے۔ شہید کے دوستوں کے مطابق ساجد کاظمی کو گزشتہ کئی دنوں سے دھمکی آمیز فون کالز موصول ہو رہی تھیں۔ سید ساجد حسین کاظمی ملت جعفریہ کے ایک فعال شخص تھے کہ جو شہداء کے جنازوں کو منظم کرنے میں پیش پیش رہتے تھے۔