پاکستانی شیعہ خبریں

القدس دھماکہ، ایف آئی آر کی درخواست امریکی قونصل جنرل کیخلاف جمع کرا دی گئی

fir-concil-gernalکراچی میں یوم القدس کے موقع پر ریلی میں شریک ہونے والے افراد کی بس پر بم دھماکہ کی ایف آئی آر کے لئے درخواست کراچی کے گلشن اقبال تھانہ میں جمع کرا دی گئی۔ درخواست میں کراچی میں متعین امریکی قونصل جنرل مچل ڈوڈمین (Michael Dodman) کو مرکزی ملزم نامزد کیا گیا ہے۔ اس موقع پر مجلس وحدت مسلمین پاکستان کراچی ڈویژن کے رہنما مولانا صادق رضا تقوی، مولانا منور علی نقوی اور آئی ایس او کراچی ڈویژن کے رکن ذیلی نظارت مولانا عقیل موسیٰ، ڈویژنل رہنما قاسم نقوی، اسد عباس و دیگر بھی موجود تھے۔ تفصیلات کے مطابق بم دھماکہ میں شہید ہونے والے امتیاز علی کے چچا زاد بھائی نواز علی کی مدعیت میں ایف آئی آر کے لئے درخواست جمع کرائی گئی ہے، جس میں امریکی قونصل جنرل مچل ڈوڈمین (Michael Dodman) سمیت دیگر مقامی افراد کو ملزم نامزد کیا ہے۔

جب تمام رہنما مدعی سمیت درخواست جمع کرانے کے لئے گلشن تھانہ پہنچے تو ڈیوٹی پر موجود ایس ایچ او نے ایف آئی آر درج کرنے میں تردد سے کام لیا اور فی الفور اعلٰی حکام سے رابطہ قائم کیا۔ بعد ازاں ڈی ایس پی الطاف کی موجودگی میں رہنماؤں نے احتجاج کرتے ہوئے کہا کہ ملکی سلامتی اور پاکستان میں امن و امان کے قیام کے لئے آج ہم نے دہشت گردوں کے اصل مرکز کے خلاف ایف آئی آر کی درخواست جمع کرائی ہے، ہم چاہتے ہیں کہ پاکستان کو ہر قسم کی دہشت گردی سے آزاد کرائیں اور اس کے لئے ہمیں پہلے امریکی سفیروں کے خلاف اقدامات کی ضرورت ہے۔ رہنماؤں کے احتجاج کے بعد ڈی ایس پی الطاف نے ایف آئی آر کی درخواست جمع کرتے ہوئے کہا کہ کسی بھی ملک کے سفیر کے خلاف ایف آئی آر کاٹنے میں قانونی سکم موجود ہے، تاہم مشاورت کے بعد اس پر مزید کارروائی کریں گے۔

اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مولانا صادق رضا تقوی نے کہا کہ آج ہم نے اس دھماکے میں کراچی میں موجود امریکی قونصل جنرل کو نامزد کرکے یہ ثابت کیا ہے کہ اگر اس ملک سے ہمیں دہشت گردی کا خاتمہ کرنا ہے تو ہمیں پورے پاکستان میں موجود امریکی سفیروں کو اپنی سرزمین سے باہر نکالنا ہوگا۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ عالمی یوم القدس کی ریلی پر دھماکہ کرنے والے عناصر نے یہ ثابت کیا ہے کہ یہ لوگ یقیناً امریکہ کے دشمن نہیں بلکہ اس کے ہی آلہ کار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ڈی ایس پی نے ایف آئی آر تو درج نہیں کی، لیکن قانونی مشاورت کے لئے وقت مانگا ہے، اگر یہ لوگ درخواست پر کوئی کارروائی نہیں کرتے ہیں تو ہم کورٹ سے ایف آئی آر کاٹنے کے لئے رابطہ کریں گے۔ اس سلسلے میں ہماری ٹیم ایڈووکیٹ تصور حسین کی سربراہی میں کام کر رہی ہے، انشاءاللہ اس کیس کو اس کی منزل تک پہنچائیں گے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button