مجلس وحدت مسلمین کاملک بھر میں جاری شیعہ ٹارگٹ کلنگ پر سپریم کورٹ سے رجوع کرنیکا فیصلہ
دہشتگردوں کی جانب سے بابوسر ٹاپ اور چلاس میں بسوں سے شیعہ مسافروں کو شناخت کرکے بیہمانہ طریقے سے قتل کرنے اور کوئٹہ سمیت ملک بھر میں جاری شیعہ نسل کشی پر مجلس وحدت مسلمین نے سپریم کورٹ سے رجوع کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور اس حوالے سے آئندہ تین روز میں انسانی حقوق کی سابق چیئرپرسن معروف قانون دان عاصمہ جہانگیر کے توسط سے دراخوست دائر کی جائیگی۔ ایم ڈبلیو ایم کی جانب سے ملک بھر میں شیعہ قتل عام پر دائر کی گئی ایف آئی آرز کی نقول اکٹھی کرنے کا سلسلہ جاری ہے، جن کی بنیاد پر سپریم کورٹ میں درخواست دائر کی جائیگی۔ ایم ڈبلیو ایم کے سیکرٹری اطلاعات ناصر عباس شیرازی عاصمہ جہانگیر کیساتھ قانونی امور میں ساتھ دیں گے اور انہیں تمام ضروری معلومات کی فراہمی کو یقینی بنائیں گے۔
واضح رہے کہ یہ فیصلہ ایم ڈبلیو ایم کی مرکزی کابینہ کے اجلاس میں کیا گیا تھا، اس حوالے سے پندرہ ستمبر کو آل شیعہ پارٹیز کانفرنس بلانے کا بھی اعلان کیا گیا ہے اور علامہ حسنین گردیزی کی سربراہی میں پانچ رکنی کمیٹی بنا دی گئی ہے، جو تمام شیعہ تنظیموں سے رابطے کرے گی۔ ابتک کی بنائی گئی لسٹ کے مطابق شیعہ تنظیموں کی تعداد 47 ہے، جنہیں کانفرنس میں شرکت کی دعوت دی جائیگی۔ جبکہ شیعہ ایم این ایز اور دیگر اہم شخصیات اس کے علاوہ ہیں۔