غلیظ پروپیگنڈے پر مبنی فلم امریکی وزارت خارجہ کی نگرانی میں بنی ہےآئی ایس او
کراچی کے مختلف مقامات پر آئی ایس او کی جانب سے منعقدہ احتجاجی مظاہروں سے خطاب کرتے ہوئے رہنماؤں نے حکومت پاکستان سے مطالبہ کیا کہ امریکی سفیر کو فوری ملک بدر کیا جائے۔
امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان کراچی ڈویژن کے تحت کراچی کے مختلف علاقوں بشمول جامعہ کراچی، جامعہ اردو، جامعہ مسجد حسین آباد ملیر میں گستاخی رسول صلی اللہ علیہ و آلہ و سلم پر مبنی فلم کے خلاف احتجاجی مظاہر ے کیے گئے، احتجاجی مظاہرے میں ہزاروں مظاہرین نے شرکت کی، جامعہ کراچی میں نکالی جانے والی ریلی میں طلبہ و طالبات نے ہالی وڈ کے ہدایت کار سام باسیل کی جانب سے بنائی جانے والی فلم ’’ برات از مسلمین و حیات رسول صلی اللہ علیہ و آلہ و سلم ‘‘ کہ جس میں اسلام کو ایک دہشت گرد مذہب بناکر پیش کیا گیا اور رسول صلی اللہ علیہ و آلہ و سلم کی توہین آمیز اور نازیبا عکاسی کی گئی ہے پر اپنے شدید غم و غصہ کا اظہار کیا، اس موقع پر مقررین نے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یہ فلم دراصل اسلام کے خلاف اقوام عالم میں مخالف پروپگینڈا کرنے کے لئے اور مسلمانوں کے قتل عام کا جواز پیدا کرنے لئے امریکی وزارت خارجہ کی زیر نگرانی بنائی گئی ہے، ہم حکومت پاکستان سے مطالبہ کرتے ہیں کہ امریکی سفیر کو فوری ملک بدر کیا جائے۔
جامعہ اردو میں بھی طلبہ کی بڑی تعداد نے مظاہرے میں شرکت کی، مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ امریکی پادری ٹیری جونز پاگل نہیں بلکہ باقاعدہ صہیونی ایجنڈے پر عمل پیرا ہے، وہ صہیونی تحریک کے مقاصد کو تکمیل تک پہنچانے کے لئے اسلام دشمن مواد اور پروپیگنڈہ پھیلانے کا ذمہ دار ہے جسے امریکی عیسائی بھی عزت نہیں دیتے مگر امریکی حکومت کی جانب سے اسے مکمل آزادی ہے جو کہ اظہار رائے کی آزادی کا غلط استعمال ہے، امریکی پادری ٹیری جونز اور ہدایت کار فلم سام باسیل کو عالمی عدالت میں لاکر سزا سنائی جائے ورنہ مسلمان ان کا خود علاج کردیں گے، جبکہ ملیر میں بعد نماز جمعہ احتجاج کیا گیا جس سے خطاب کرتے ہوئے آئی آیس او کراچی ڈویژ ن کے جنرل سیکریٹری برادر علی نے کہا کہ صہیونی اسلامی تہذیب کے سب سے بڑے مرکز حضرت محمد صلی اللہ علیہ و آلہ و سلم کی ذات کو نشانہ بناکر مسلمانوں اور اسلام کے خلاف سازش کر رہے ہیں۔